کراچی:
شوگر سیکٹرکی ڈی ریگولیشن سے گنے کی کاشت میں غیرمعمولی اضافہ روئی وخوردنی تیل کی درآمدی سرگرمیاں بڑھنے سے درآمدی بل میں اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے کہا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت نئی شوگر ملز کے قیام اور پہلے سے قائم شوگر ملوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر عائد پابندی ختم ہونے کے باعث کپاس اور گندم کی مقامی پیداوار میں مزید کمی کے ساتھ کاٹن زونز میں گنے کی کاشت بڑھنے سے ماحولیاتی آلودگی سے روئی کا معیار متاثر ہونے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
گنے کی کاشت بڑھنے سے نہری پانی متاثر ہونے اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کے سیم و تھور میں بھی مبتلاہونے کے خدشات بھی پائے جارہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ مذکورہ خدشات کی بنا پر مقامی کاٹن سیکٹر نے شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ شوگر سیکٹر بارے نئی ڈی ریگولیشن پالیسی کے باعث پورے کاٹن سیکٹر میں تشویش بڑھ گئی ہے کیونکہ اس پالیسی سے پاکستان میں ’’وائٹ گولڈ‘‘ کے بجائے ’’وائٹ پوائزن‘‘ کو فروغ ملنے کے بڑے خدشات ہیں۔
10سال قبل تک پاکستان میں کپاس کی 1کروڑ 50لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ پیداوار ہوتی تھی جس سے ویلیوایڈڈ کاٹن پراڈکٹس تیار کرکے اربوں ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کے عوض برآمد کیا جاتا تھا بلکہ بلند معیار کی حامل مقامی روئی بھی بھارت، بنگلہ دیش، ویت نام سمیت دیگر افریقی ممالک کو برآمد کی جاتی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ کراپ زوننگ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے اور شوگر ملز مالکان کو حکومت کی طرف سے چینی برآمدات پر ریکارڈ سبسڈی و دیگر مراعات ملنے سے نہ صرف ملک بھر کے کاٹن زونز میں گنے کی کاشت میں بتدریج ریکاڈ اضافہ سامنے آیا۔
بلکہ کاٹن زونز میں بڑی تعداد میں نئی شوگر ملز کے قیام کے ساتھ پہلے سے قائم پرانی شوگر ملوں کی پیداواری صلاحیت میں بھی ریکارڈ اضافے سے گنے کی کاشت بڑھنے سے مقامی کپاس کی مقامی پیداوار نہ صرف 55لاکھ گانٹھ تک محدود ہوگئی ہے ۔