حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج، پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ اور عالمی اعتماد میں اضافہ

جولائی تا اکتوبر براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سالانہ 22 فیصد اضافہ کے ساتھ 936 ملین ڈالر تک پہنچ گئی


ویب ڈیسک November 26, 2026

اسلام آباد:

رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سالانہ 22 فیصد اضافہ کے ساتھ 936 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

مالی سال 2026 کے دوران لسٹڈ کمپنیوں کے 18 فیصد مجموعی منافع کے مقابلے میں مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں 24 فیصد اضافہ ہوا، غیر ملکی ملکیتی کمپنیوں کے منافع میں مالی سال 2026 کے دوران 26 فیصد جبکہ مالی سال 2027 کے پہلے چارماہ میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایس ای سی پی نے مالی سال 26 میں ایک ہزار 35 جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 352 فارن لنک کمپنیاں رجسٹریشنز کیں۔ رواں مالی سال گوگل، علی بابا اور ترک پیٹرولیم کی پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں توسیع جبکہ ’ویون کمپنی‘ کی سرمایہ کاری بھی دوگنا ہوگئی۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری میں ترکیہ، چین اور سعودی عرب کی خاطر خواہ  دلچسپی بھی دیکھنے میں آئی۔

عالمی مائننگ کمپنیوں کی سرگرمیوں میں دلچسپی کے باعث نومبر میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران 13 معاہدے طے پائے۔ بین الاقوامی کمپنیوں میں امریکا کی ’ایوان ہوا اٹلانٹک‘، کینیڈا کی ’بیرک‘ اور چین کی ’من میٹز‘ شامل ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مالی سال 26 کے دوران 20 سال بعد سب سے زیادہ 11 توسیعی آئی پی اوز سامنے آئے، جولائی تا اکتوبر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ وصولیاں 1.1 ارب ڈالر اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس 2.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ پاکستان کے 250 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈ کو پانچ گنا سے زائد اور 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کو دگنی طلب ملی۔

پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ ایس اینڈ پی میں بی، موڈیز میں بی تھری اور فچ میں بی مائنس مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ برقرار رہی جبکہ پاکستانی روپیہ گزشتہ دو سال سے اپنی قدر برقرار رکھتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے چارماہ میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد مستحکم ہوا۔

حالیہ اعدادو شمار حکومت کے معاشی استحکام کے تحفظ، توانائی کے اخراجات میں کمی اور برآمدات و روزگار کے فروغ کا واضح ثبوت ہیں۔