حکومت کا ونڈ فال ٹیکس کی تجویز دوبارہ زیر غور لانے کا فیصلہ

25 ارب وصولی کا ہدف،اس معاملے پر ٹیکس حکام اور پٹرولیم ڈویژن میں اختلاف برقرار


شہباز رانا November 27, 2026

اسلام آباد:

حکومت نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے فائدہ اٹھانے والی آئل سیکٹر کی کمپنیوں سے کم از کم 25 ارب روپے وصول کرنے کے لیے ونڈ فال گین ٹیکس (غیر معمولی منافع پر ٹیکس) عائد کرنے کی بجٹ تجویز دوبارہ بحال کردی۔

یہ اقدام آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے کا حصہ ہے تاہم اس معاملے پر ٹیکس حکام اور پٹرولیم ڈویڑن کے درمیان اختلاف برقرار ہے کہ آیا یہ ٹیکس عائد کیا جائے اور اس مقصد کے لیے جون کے اختتام یا ستمبر کے اختتام کے مالیاتی گوشواروں کو بنیاد بنایا جائے۔

اس معاملے سے آگاہ سینئر سرکاری حکام کے مطابق ایف بی آر  ونڈ فال منافع کا تعین کرنے کے لیے مارچ، جون اور ستمبر کے تین مختلف مہینوں کے مالیاتی گوشواروں کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ اس کا رجحان ستمبر کے اختتام کے گوشواروں کو بنیاد بنانے کی جانب ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے رواں ہفتے اس تجویز کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، تاہم متعدد معاملات پر اختلافات کے باعث کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئل سیکٹر کی کمپنیوں سے ونڈ فال گین ٹیکس کی مد میں 25 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔

ایک سینئر سرکاری عہدیدار کے مطابق اگر تیل کے شعبے پر یہ ٹیکس عائد نہ کیا گیا تو حکومت کو آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کے لیے آمدنی کے دیگر اقدامات کرنا پڑسکتے ہیں۔

تاہم آئی ایم ایف اس مرتبہ نسبتاً نرم رویہ اختیار کیے ہوئے دکھائی دیتا ہے اور اس نے پروگرام کی متعدد اہم شرائط کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا ہے، جن میں چینی کے شعبے کو مکمل طور پر ڈی ریگولیٹ کرنا اور ریٹیل و رئیل اسٹیٹ شعبوں پر ٹیکس عائد کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔

ایف بی آر پہلے ہی 95 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا کر رہا ہے، جس میں نومبر کے لیے مقررہ 1.08 ٹریلین روپے کا ہدف بڑے فرق سے حاصل نہ ہونے کی صورت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ونڈ فال گین ٹیکس کے نفاذ کے لیے حکومت کو صدارتی آرڈیننس جاری کرنے یا قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ پارلیمنٹ یہ اختیار وفاقی بیوروکریسی کو پہلے ہی دے چکی ہے۔

آئل ریفائنریز اور مارکیٹنگ کمپنیوں دونوں پر یہ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ قانونی ضابطہ جاتی حکم (ایس آر او) کے ذریعے نافذ کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس میں ترمیم بھی درکار نہیں ہوگی۔

قانون کے مطابق ٹیکس سال 2023 اور اس کے بعد کے ٹیکس سالوں کے لیے گزشتہ تین ٹیکس سالوں میں کسی کمپنی کو حاصل ہونے والی ایسی آمدنی، منافع یا فوائد پر اضافی ٹیکس عائد کیا جاسکتا ہے جو کسی معاشی عامل کے نتیجے میں غیر معمولی طور پر حاصل ہوئے ہوں۔

یہ ٹیکس آرڈیننس کے تحت پہلے سے عائد یا قابل ادائیگی ٹیکس کے علاوہ ہوگا۔ٹیکس حکام کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ چار بڑی ریفائنریز پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، اٹک ریفائنری لمیٹڈ اور سنرجی کو (Cnergy Co) نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں زیادہ منافع ظاہر کیا ہے، جس سے گزشتہ مالی سال میں شروع ہونے والی بحالی کا تسلسل ظاہر ہوتا ہے۔

ان چار کمپنیوں نے پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر 90 ارب روپے منافع ظاہر کیا، جس پر ٹیکس حکام ٹیکس عائد کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم پیٹرولیم ڈویڑن اس تجویز سے متفق نہیں اور اس کا مؤقف ہے کہ جون کے اختتام کے مالیاتی گوشواروں کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔

ٹیکس حکام کا موقف ہے کہ ان کمپنیوں نے ونڈ فال گین ٹیکس سے بچنے کے لیے اپریل سے جون کے دوران اپنے ذخائر (انوینٹری) پر نقصانات ظاہر کیے۔ حکام نے تسلیم کیا کہ اس عمل میں کوئی غیر قانونی بات نہیں تھی، تاہم ان کا اصرار ہے کہ ٹیکس کے تعین کے لیے انوینٹری کی خالص قابل وصول قدر (نیٹ ریئلائزایبل ویلیو) کو بنیاد بنایا جائے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں 33.7 ارب روپے کا مجموعی نقصان ظاہر کیا، جس کے نتیجے میں پورے سال کا مجموعی منافع کم ہوکر 100 ارب روپے رہ گیا۔

اس نقصان کے باعث چوتھی سہ ماہی میں ٹیکس کے بعد 23 ارب روپے کا خسارہ ہوا، جس سے پورے مالی سال کا ٹیکس کے بعد منافع کم ہوکر 15 ارب روپے رہ گیا اور کمپنی قانونی طور پر ونڈ فال گین ٹیکس سے بچ گئی۔