عظمیٰ بخاری کا مریم نواز کے بیرون ملک دورے سے متعلق جھوٹی خبر پر سخت ردعمل

وزیراعلیٰ کسی نجی دورے پر نہیں جارہیں، پہلی بار کسی وزیراعلیٰ کو نوبیل پرائز کیلئے مدعو کیا گیا ہے، وزیر اطلاعات پنجاب


عائشہ صغیر November 27, 2026

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیرون ملک دورے اور سرکاری طیارے سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ بغیر تحقیق باتیں کی جاتی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جہاز کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں، وزیراعلیٰ کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ نہیں جا رہیں اور نہ ہی یہ نجی دورہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی وزیراعلیٰ کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے، جھوٹے شور شرابے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ خالی برتن زیادہ بجتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ملک کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق دیگر جہازوں کی طرح طیارے کے آپریشن اور مینٹیننس کی ذمہ داری بھی پاک فضائیہ کے پاس ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جھوٹی خبروں کی وجہ سے نوٹس دینے پڑتے ہیں۔