آسٹریلوی اسٹار اسپنر نیتھن لائن کا کیریئر اختتام پذیر؟ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا امکان

آسٹریلیا نے حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی نیتھن لائن کو ڈراپ کیا تھا


اسپورٹس ڈیسک November 27, 2026

آسٹریلیا کے تجربہ کار آف اسپنر نیتھن لائن کے ٹیسٹ کیریئر کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نیتھن لائن کو نیوزی لینڈ کے خلاف پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے ممکنہ طور پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

آسٹریلوی سلیکٹرز ہفتے کو پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کریں گے جس میں 577 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے نیتھن لائن کی جگہ خطرے میں ہے۔

تاہم بھارت کے آئندہ دورے کے لیے ان کے انتخاب کے امکانات برقرار ہیں۔

واضح رہے کہ لائن گزشتہ ایشز سیریز میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔ واپسی کے بعد وہ 10 وکٹیں حاصل کرسکے ہیں جبکہ ان کی اوسط 41.20 رہی ہے۔

آسٹریلیا نے حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہیں ڈراپ کرکے مکمل فاسٹ بولنگ اٹیک میدان میں اتارا تھا۔

دوسری جانب مچل سویپسن شیفیلڈ شیلڈ میں 11 وکٹیں لے کر قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پر امید ہیں۔

اگر لائن نیوزی لینڈ کے خلاف اسکواڈ سے باہر ہوتے ہیں تو ان کے مستقبل کے حوالے سے بحث مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔