مکہ دفاعی معاہدہ، اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اراکین کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم ہاؤس میں سعودی، ترک وفود نے وزیراعظم سے ملاقات کی، تینوں ممالک نے اتحاد اور دفاع کا عزم دہرایا


خالد محمود November 27, 2026

مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس خے بعد سعودی عرب اور ترکی کے وفود نے وزیرِ اعظم شہبازشریف سے ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے وفود نے وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی وفد میں وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔

ترک وفد میں وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بیرکتار اوغلو شامل تھے۔ وزیرِ اعظم نے ’مکہ الائنس فار ڈیفنس‘ کے ساتھ پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے معاہدے کی شقوں کے مطابق اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کےاتحاد اور عزم کا خیرمقدم کیا جبکہ اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے سعودی عرب کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار،مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا جبکہ تینوں فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال،پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

غیر ملکی وفود سے وزیراعظم کی ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔

بعد ازاں وفود کے ہمراہ بنائی گئی تصویر بھی جاری کی گئی جس میں تمام شرکا ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر بے مثال یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔