مشہور ویڈیو گیم ’سپر ماریو برادرز‘ کا 1985 کی ایک نایاب ’کمپلیٹ اِن باکس‘ کاپی کی 96 ہزار 875 ڈالر میں نیلامی نے اپنی نوعیت کے ویڈیو گیمز کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
نیلامی کا اہتمام ہیریٹیج آکشنز نے 20 اور 21 نومبر کو منعقدہ ویڈیو گیمز سگنیچر آکشن کے دوران کیا۔ فروخت ہونے والا گیم نینٹینڈو انٹرٹینمنٹ سسٹم (این ای ایس) کے ابتدائی پروڈکشن رن کی نایاب کاپی تھی جس کی پیکنگ پر میٹ اسٹیکر موجود تھا۔
اس گیم کو پی ایس اے کی جانب سے 10 میں سے 9.0 ریٹنگ دی گئی تھی۔
نیلام گھر کے مطابق اس فروخت نے سپر ماریو برادرز کی ابتدائی پروڈکشن کاپی اور مکمل پیکنگ کے ساتھ فروخت ہونے والے کسی بھی ویڈیو گیم کی سب سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ قائم کیا۔
ہیریٹیج آکشنز کے مطابق ’کمپلیٹ اِن باکس‘ کا مطلب ہے کہ گیم کا ڈبہ کھولا جا چکا ہو اور اندر موجود کارٹریج استعمال بھی ہوا ہو۔ تاہم، اس کی اصل پیکنگ میں کارٹریج، ہدایت نامہ اور فروخت کے وقت شامل دیگر تمام اشیا محفوظ ہوں۔
اسی نیلامی میں سپر ماریو برادرز کی ایک اور نایاب کاپی بھی پیش کی گئی جو دوسری پروڈکشن کی تھی اور اس پر گلوس اسٹیکر موجود تھا۔ یہ گیم مکمل طور پر سیل بند تھا اور اسے پی ایس اے کی جانب سے 8.5 ریٹنگ دی گئی تھی۔
اس سیل بند کاپی پر سب سے زیادہ بولی ایک لاکھ 31 ہزار 250 ڈالر لگی جو مکمل پیکنگ والے پہلے گیم کی فروخت سے بھی زیادہ تھی۔
یہ نیلامی کلاسک ویڈیو گیمز کی بڑھتی ہوئی کلیکٹر ویلیو اور پرانے گیمنگ آئٹمز میں جمع کرنے والوں کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔