اقوام متحدہ کے سربراہ کا کویت پر ڈرون حملے کے سنگین نتائج کا انتباہ

پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے، انتونیو گوتریس


ویب ڈیسک November 28, 2026
فوٹو: بشکریہ انادولو

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کویت میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں دوبارہ جنگی کارروائیوں کے سنگین نتائج مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 26 نومبر کو ہونے والے اس حملے میں کویت اور پاکستان کا ایک ایک شہری بھی زخمی ہوا۔

انتونیو گوتریس نے کویت کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے مزید خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔

اسٹیفن دوجارک نے سیکریٹری جنرل کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دوبارہ شروع ہونے والی جنگی کارروائیوں کے خطے اور اس سے باہر بھی تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔

انہوں نے کشیدگی مزید پھیلنے سے روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جب خطے کا امن و استحکام پہلے ہی تیزی سے غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے۔