امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو جنگ کے پہلے روز نشانہ بنایا تھا، ایرانی بحریہ

جنگ کے پہلے روز ہمارے فوجیوں نے یو ایس ایس ابراہم لنکن پر میزائل داغا جو اپنے ہدف پر لگا، شہرام ایرانی


ویب ڈیسک November 27, 2026
فوٹو: پریس ٹی وی

ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے پہلے روز ایرانی بحری افواج نے میزائل سے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کو نشانہ بنایا اور اسے نقصان پہنچایا۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج نے دشمن کی فوج کی موجودگی کے مرکزی حصے کی نشان دہی کی اور اپنا پہلا غیرآزمودہ میزائل امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کی جانب داغا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے پہلے روز ہمارے فوجیوں نے یو ایس ایس ابراہم لنکن پر میزائل داغا جو اپنے ہدف پر لگا اور دشمن کے جہاز کو نشانہ بنایا۔

بحریہ کے کمانڈر  نے بتایا کہ اس کے بعد دشمن نے زخمی اہلکاروں کو نکالنے، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں واپس لانے اور طبی امداد و مرمت کے کام کے لیے پڑوسی ممالک کی بندرگاہوں سے مدد طلب کی تاکہ ایران کے اندر اہداف پر فضائی حملے دوبارہ شروع کر سکے۔

شہرام ایرانی نے کہا کہ اس کے بعد سے ایرانی بحری افواج نے اپنا آپریشنل نظام مزید بہتر بنایا اور پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج نے دشمن کو نہ صرف ملکی سمندری حدود بلکہ بحیرہ عمان کے قریب آنے سے بھی روک رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دشمن نے اپنی تمام تر صلاحیت کے باوجود آبنائے ہرمز سے ایک بھی جہاز گزارنے میں کامیاب نہیں ہوسکا، خواہ اس پر عملہ سوار ہو یا نہ ہو یا وہ سمندر کے راستے آئے یا فضا کے ذریعے، یہ کیسا بے بنیاد خیال ہے، حکم ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی۔

ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ایرانی بحری افواج کو مقامی صنعتوں، سائنس دانوں، انجینئرز اور علم پر مبنی کمپنیوں کے تعاون سے تیار کردہ جدید ترین آلات اور سازوسامان مسلسل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

شہرام ایرانی نے آگاہ کیا کہ کئی نئے تیار کردہ نظام ابھی تک عوامی سطح پر جاری کی گئی ویڈیوز میں بھی سامنے نہیں آئے، تاہم انہیں پہلے ہی آپریشنل علاقوں میں تعینات کیا جا چکا ہے۔

کمانڈر نے اعلان کیا کہ ایرانی بحریہ کے کمانڈوز نے دشمن کے قبضے میں لیے گئے تیل کے دو ٹینکرز واپس حاصل کرلیے اور ان کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی گرفتار کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے اہلکار جہازوں پر سوار ہوئے تو سیکیورٹی ٹیم سو رہی تھی، جس سے ہمارے کمانڈوز کو انہیں بھی گرفتار کرنے کا موقع مل گیا۔