مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال محض دو متحارب ریاستوں کی کشمکش نہیں رہی بلکہ اس نے عالمی امن، توانائی کے تحفظ، بین الاقوامی معیشت اور انسانی بقا کے بنیادی سوالات کو ایک دوسرے سے اس طرح وابستہ کردیا ہے کہ کسی ایک محاذ پر اٹھنے والا قدم پوری دنیا کے لیے تباہ کن نتائج کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری محاذ آرائی، امریکی دھمکیوں، آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں، سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے اور غزہ میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے منصوبوں نے اس خطے کو ایک ایسے آتش فشاں میں تبدیل کردیا ہے جس کے پھٹنے کی صورت میں اس کی تباہ کاری سرحدوں تک محدود نہیں رہے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ انتباہ کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم نہ ہوا تو خطے کو ایٹمی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، درحقیقت اس خطرے کی سنگینی کا اعتراف ہے جسے محض بیانات اور عسکری دھمکیوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ٹرمپ نے امریکی فوجی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگرچہ وہ امریکا تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو اس وقت تک دفاعی معاونت فراہم کرتا رہے گا جب تک وہ اپنی حفاظت کے لیے خود مضبوط نہیں ہوجاتے۔
بظاہر یہ بیان امریکی سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق تشویش کا اظہار ہے، لیکن اس کے اندر واشنگٹن کی دیرینہ مشرقِ وسطیٰ پالیسی کا تضاد بھی نمایاں ہے۔ ایک طرف امریکا خطے میں امن کا خواہاں ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، دوسری طرف اس کی عسکری موجودگی، اسلحے کی فراہمی اور اسرائیل کی غیر مشروط سرپرستی علاقائی کشیدگی کو مسلسل ہوا دیتی رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر امریکی حکمت عملی کا بنیادی مقصد امن ہے تو اس کے عملی اقدامات خطے کو بار بار جنگ کے دہانے پر کیوں لے آتے ہیں؟
ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل صلاحیتوں کے بارے میں امریکی و اسرائیلی تحفظات اپنی جگہ، لیکن کسی ملک کو ممکنہ خطرہ قرار دے کر اس کے خلاف یک طرفہ فوجی کارروائی کا جواز پیدا کرنا بین الاقوامی قانون اور سفارت کاری کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں اسرائیلی حکمتِ عملی پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر دوا ساز کارخانوں میں کیمیائی ہتھیار تیار کرنے اور چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کی دھمکی دی ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا کو ایک اور جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے تاکہ امریکی طاقت کو اپنے علاقائی مقاصد کے لیے استعمال کرسکے۔ ان متضاد دعوؤں کی حقیقت کا فیصلہ غیر جانب دار بین الاقوامی تحقیقات سے ہونا چاہیے، نہ کہ ان الزامات کی بنیاد پر جنگی کارروائیوں کا راستہ اختیار کیا جائے جن کی آزادانہ تصدیق موجود نہیں۔
اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان کہ وہ امریکی فوجی تعاون کے بغیر بھی ایران پر بھرپور حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، صورتِ حال کو مزید تشویش ناک بناتا ہے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان افی ڈیفرین کے مطابق اسرائیل کسی بھی وقت ایران کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔ یہ بیان محض دفاعی تیاری کا اظہار نہیں بلکہ ایک ایسے جارحانہ ماحول کی عکاسی کرتا ہے جس میں پیشگی حملے کو بھی قابلِ قبول حکمت عملی کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
اسرائیل اگر اپنی سلامتی کو حقیقی معنوں میں محفوظ بنانا چاہتا ہے تو اسے یہ سمجھنا ہوگا کہ کسی دوسرے ملک کی خودمختاری، دفاعی صلاحیت اور علاقائی سلامتی کو مسلسل خطرے میں ڈال کر پائیدار تحفظ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ طاقت کے ذریعے مخالف کو ختم کرنے کی خواہش اکثر ایسے ردعمل کو جنم دیتی ہے جس پر بعدازاں قابو پانا ممکن نہیں رہتا۔ مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جنگیں شروع کرنا نسبتاً آسان، لیکن ان کے نتائج سمیٹنا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔
اس کشیدگی کا سب سے فوری اور محسوس ہونے والا اثر عالمی توانائی کی منڈی پر پڑ رہا ہے۔ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں تیل بردار جہازوں پر حملے، بارودی سرنگوں سے ٹینکروں کے ٹکرانے اور سعودی عرب کی آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کے واقعات نے عالمی رسد کے بارے میں خدشات بڑھا دیے ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 96 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ امریکی خام تیل بھی 85 ڈالر فی بیرل سے بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کا خدشہ ہے کہ اگر رسد میں نمایاں کمی واقع ہوئی تو برینٹ کی قیمت 100 ڈالر سے بھی اوپر جاسکتی ہے۔ اس صورتِ حال میں سب سے زیادہ نقصان ان ترقی پذیر ممالک کو ہوگا جو اپنی توانائی کی ضروریات درآمدات کے ذریعے پوری کرتے ہیں۔
پاکستان جیسے ممالک کے لیے یہ صورتِ حال خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھنے سے درآمدی بل، زرمبادلہ کے ذخائر، بجلی کی پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر براہِ راست دباؤ پڑتا ہے۔ اس کا آخری بوجھ عام شہری کو مہنگائی، اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں اور محدود ہوتی قوتِ خرید کی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے۔ پہلے ہی معاشی مشکلات سے دوچار متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ محض ایک معاشی خبر نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کے بجٹ میں نئی کٹوتیوں کا سبب بنتا ہے۔ حکومت کو اس ممکنہ بحران کے پیش نظر توانائی کے متبادل ذرائع، تیل کے ذخائر، درآمدی معاہدوں اور علاقائی سفارت کاری پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ محض عالمی قیمتوں میں کمی کی امید رکھنا درست نہیں۔
اس تمام منظرنامے میں پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششیں امید کی ایک اہم کرن ہیں۔ عباس عراقچی کے مطابق دونوں ممالک کی سفارتی کاوشیں جاری ہیں اور بعض نئی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، اگرچہ ایران کے بنیادی مؤقف میں تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان کے لیے یہ موقع محض ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کی آزمائش بھی ہے۔ پاکستان ایران کے ساتھ طویل سرحد، خلیجی ممالک کے ساتھ گہرے معاشی و سفارتی تعلقات اور خطے میں اپنے جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث کسی وسیع جنگ کے نتائج سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ اسلام آباد کو چاہیے کہ وہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات کی بحالی، جنگ بندی اور بحری راستوں کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ ثالثی کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ کسی ایک فریق کے بیانیے کا ترجمان بننے کے بجائے تمام فریقوں کے جائز تحفظات کو مذاکرات کی میز پر جگہ دی جائے۔
تاہم مشرقِ وسطیٰ کا سب سے المناک پہلو غزہ میں جاری انسانی المیہ ہے، جہاں اسرائیل نے حماس کے غیر مسلح نہ ہونے کی صورت میں مزید دس لاکھ فلسطینیوں کو جنوب کی جانب بے دخل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ غزہ کا تقریباً 70 فیصد علاقہ تباہ اور اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں بتایا جارہا ہے۔ ایک جانب فلسطینی آبادی اپنے گھروں، بنیادی سہولتوں اور محفوظ پناہ گاہوں سے محروم ہے، دوسری طرف جبری بے دخلی کو عسکری مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنانے کی بات کی جارہی ہے۔ کسی مسلح تنظیم کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ اپنی جگہ ایک سیاسی و سلامتی کا مسئلہ ہوسکتا ہے، لیکن اس کے نام پر لاکھوں شہریوں کو اجتماعی سزا دینا، ان کے گھروں سے محروم کرنا اور انھیں غیر یقینی مستقبل کی طرف دھکیلنا کسی صورت قابلِ جواز نہیں۔ بین الاقوامی انسانی قانون شہری آبادی کے تحفظ، جبری نقل مکانی کی ممانعت اور جنگی کارروائیوں میں تناسب کی پابندی کا تقاضا کرتا ہے۔
ان اصولوں کا اطلاق تمام فریقوں پر یکساں ہونا چاہیے۔ پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کو عالمی حمایت ملنی چاہیے تاکہ مذاکرات کا تعطل ختم ہو اور خطہ کسی بڑے تصادم سے محفوظ رہ سکے۔ تاریخ کا فیصلہ اس بنیاد پر نہیں ہوگا کہ کس کے پاس زیادہ طاقت ور میزائل تھے، بلکہ اس بات پر ہوگا کہ تباہی کے دہانے پر کھڑی انسانیت کو جنگ سے بچانے کے لیے کس نے سنجیدہ کردار ادا کیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں بارود کی زبان پر مکالمے کی آواز غالب آئے، ورنہ کسی ایک غلط فیصلے کی قیمت پوری دنیا کو ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔