گفتگو بند نہ ہو، بات سے بات چلے

پاکستان اور بھارت کے تعلقات گزشتہ 80 برسوں کے دوران مدوجزر کا شکار رہے۔



مکالمہ، تصورات کا تبادلہ، دانش مندی، حوصلہ، الزامات کے بجائے مسائل حل کرنے کے لیے مل بیٹھتے ہیں، جو بھی اس کو آگے بڑھائے گا ساتھ دیں گے، پاکستان تسلیم کیے بغیر مکالمہ ممکن نہیں۔ دہشت گردی کے معاملے پر پاک بھارت اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار ضروری ہے، موسمیاتی تبدیلیاں تہذیبوں کی دشمن ہیں۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (Shanghi Cooperation Organization, SCO)کے تحت موبلائزیشن ڈائیلاگ فورم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے راستے کی نشاندہی کردی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارتی صحافیوں کے ساتھ اردو زبان میں شائستگی سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی رائے عامہ کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔

 شنگھائی تعاون تنظیم 15 جون 2021ء میں قائم ہوئی۔ 1996ء میں شنگھائی فائیو بارڈر میکنزم (Shinghi Five-Border Mechanism) نامی تنظیم قائم ہوئی تھی۔ اس تنظیم کے بانیوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام پر اتفاقِ رائے کیا تھا۔ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد چین ، روس، قازقستان نے شنگھائی 5 قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان 2017ء میں تنظیم کا رکن بنا تھا۔ پھر ایران اور بھارت شنگھائی 5 تنظیم کا حصہ بنے تھے۔ اس تنظیم کے مقاصد اراکین ممالک کے درمیان امن اور سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا، اراکین ممالک کے درمیان سیاسی معاملات، تجارت، معیشت، انرجی، ٹرانسپورٹ، سائنس اور کلچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔ اس میں شریک ممالک کے سربراہوں کی کانفرنس اگست 2027ء میں اسلام آباد میں ہوگی اور پھر پاکستان اگلے ایک سال کے لیے تنظیم کے چیئرمین کی نشست کے فرائض سنبھالے گا۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات گزشتہ 80 برسوں کے دوران مدوجزر کا شکار رہے۔ دونوں ممالک آزاد ہوتے ہی کشمیر کے تنازع پر جنگ کا شکار ہوئے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوئی اورکشمیر میں استصواب رائے کرانے کی قرار داد منظور ہوئی۔ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت نہرو 1950ء میں کراچی آئے اور وزیر اعظم لیاقت علی خان اور پنڈت جواہر لعل نہرو نے دہلی میں ہونے والے اقلیتوں کے تحفظ کے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ایک معاہدہ ہوا جو لیاقت علی نہرو معاہدہ کہلایا۔ بھارتی وزیر اعظم پنڈت نہرو19 ستمبر 1960ء کوکراچی آئے اور سندھ طاس معاہدے پر دستخط کیے۔ 6ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا، یوں دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ جنگ ہوئی۔

سلامتی کونسل کی مداخلت پر 17 دن بعد جنگ بندی ہوئی اور سوویت یونین کے وزیر اعظم کوسیجن کی دعوت پر صدر ایوب خان اور بھارت کے وزیر اعظم شاستری تاشقند گئے اور دونوں ممالک کے درمیان 10 جنوری 1966ء کو معاہدہ ہوا۔ معاہدہ کی رات وزیر اعظم شاستری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ معاہدہ تاشقند کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے اور تعلقات معمول پر آئے۔پھر 2جولائی، 1972ء کو ذوالفقار علی بھٹو اور مسز اندرا گاندھی نے شملہ معاہدہ پر دستخط کیے۔ اس معاہدہ کے تحت 90 ہزار پاکستانی جنگی قیدی رہا کردیے گئے۔

بھارت نے مغربی پاکستان کے 5 ہزار 795 مربع میل علاقہ سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔ شملہ معاہدہ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ دونوں ممالک اپنے تنازعات آپس میں بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔ اس معاہدہ کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہوئے۔ نئی دہلی اور لاہور کے درمیان سمجھوتہ ایکسپریس چلنے لگی اور فضائی رابطے بھی بحال ہوگئے۔ بھارت نے کراچی میں اپنا قونصل خانہ قائم کیا اور دونوں ممالک کے شہریوں کو ایک دوسرے کے ملک میں جانے کے لیے ویزہ کی آسانی ہوئی۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں سیاچین پر قبضے کا معاملہ ہوا مگر یہ معاملہ جلد ہی نمٹ گیا۔

 وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر بھارت کے وزیر اعظم واجپائی دوستی بس کے ذریعے لاہور آئے اور مینارِ پاکستان پر حاضری دی اور پاکستان کی سالمیت کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ اس دورے کے ساتھ نئی دہلی اور لاہور کے درمیان دوستی بس چلنے لگی، لیکن دوسری جانب کارگل کا واقعہ ہو گیا۔ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو جولائی 1999ء میں واشنگٹن جانا پڑا۔ بھارت کے وزیر اعظم واجپائی نے واشنگٹن جانے سے انکارکر دیا۔ صدرکلنٹن نے واجپائی کو ٹیلی فون پر معاہدہ پڑھ کر سنایا، یوں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا خطرہ ٹل گیا۔

صدر جنرل پرویز مشرف نے کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے 6 نکات پیش کیے مگر اس وقت کی بھارتی قیادت فوری طور پر فیصلہ نہ کرسکی۔ پرویز مشرف آگرہ گئے اور وزیر اعظم واجپائی سے مذاکرات کیے مگر کچھ نکات پر اتفاق نہ ہوا۔ یہ کانفرنس ناکام ہوئی مگر نئی دہلی میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ کے بعد حکومت نے کنٹرول لائن پر سختی کردی۔ مگر پہلی دفعہ کشمیر کے دونوں حصوں کے شہریوں کو پرمٹ پر اپنے آبائی علاقوں میں جانے کا موقع ملا۔ سری نگر سے مظفر آباد بس چلنے لگی اور سڑکوں کے راستے تجارت ہونے لگی۔ میاں نواز شریف تیسری دفعہ وزیر اعظم بنے تو بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نواز شریف کی نواسی کی منگنی کی دعوت پر لاہور آئے مگر کچھ عرصہ بعد میاں نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر سزا ہوگئی۔

 تحریک انصاف کے دورِ اقتدار میں بھارت سے تعلقات میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔ جب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بھارتی آئین میں ترمیم کی تو وزیر اعظم عمران خان نے بھارت سے تعلقات منقطع کرلیے مگر تحریک انصاف کی حکومت اسلامی ممالک کو بھی پاکستانی مؤقف کی حمایت پر تیار نہ کرسکی۔ تحریک انصاف کی حکومت کے اس فیصلے کے بعد ویزے کی پابندیاں سخت ہوئیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت محدود ہوگئی۔ بھارت کے زیرِکنٹرول کشمیر سے سرحدی مقام پلوامہ میں دہشت گردی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے۔ بھارت نے ایک پھر پاکستان پر جارحیت مسلط کر دی لیکن پاکستان نے بھارت کے 6جنگی طیاروں کو تباہ کیا۔ اس معرکے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی نچلے درجہ تک گر گئے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت محدود ہوگئی۔ سفارتی عملہ محدود ہوا اور دونوں ممالک کے شہریوں کو محدود پیمانہ پر ویزے دیے جانے لگے۔ بھارت سے تجارت کا حجم 61.7 ملین ڈالر تک محدود ہوگیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت محدود ہونے سے پاکستان کی ادویات کی صنعت براہِ راست متاثر ہوئی۔ دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے پورے خطے کا امن خطرہ میں ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ پڑوسی تبدیل نہیں ہوسکتے، اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کے سربراہوں کی اسی طرح جلد سے جلد ملاقات ہو جیسی چین، امریکا اور روس کے سربراہوں کی ہوئی تھی۔ بھارت کے انقلابی شاعر علی سردار جعفری کے یہ اشعار مستقبل کا راستہ دکھا رہے ہیں۔

گفتگو بند نہ ہو

بات سے بات چلے

صبح تک شام ملاقات چلے

ہم پہ ہنستی ہوئی یہ تاروں بھری رات چلے