تجزیہ کار اور بعض سیاسی رہنماؤں کے مطابق ملک بھر میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں رہی ہیں اور وہی اپنے صوبوں کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کے خلاف ہیں اور نہیں چاہیں گے کہ ان کے اقتدار کے علاقے چھوٹے ہوں اور ان کا اقتدار سمٹ کر مخصوص علاقوں تک محدود ہو جائے جبکہ بلوچستان کی موجودہ حکومت اپنے صوبے میں مزید صوبے بنوانا چاہتی ہے حالانکہ وہاں کے وزیر اعلی کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ (ن) لیگ اور پی پی کے اتحادی وزیر اعلیٰ ہیں اور ان ہی دونوں پارٹیوں کی پنجاب اور سندھ میں حکومت ہے اور ان دونوں بڑی پارٹیوں کے خاندان کے افراد ہی حکومتوں میں موجود ہیں اور طویل عرصے سے اقتدار میں ہیں۔
کے پی میں 13 سال سے تحریک انصاف کی حکومت تھی جہاں اب گورنر راج نافذ ہے اور پیپلز پارٹی کے پاس گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) کے پاس آزاد کشمیر کا اقتدار ہے اور وہاں ان کی پارٹیاں اقتدار میں ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے خاندان کے افراد آج بھی پارلیمنٹ اور کے پی اسمبلی میں ہیں ۔ 2013 میں بلوچستان میں محمود خان اچکزئی کے بھائی گورنر اور خاندان کے سب سے زیادہ افراد حکومت اور اسمبلی میں موجود تھے۔ سندھ میں 2008ء سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جہاں زرداری خاندان کے آصف زرداری صدر مملکت، سندھ کی حکومت میں ان کی بہن وزیر صحت اور صاحبزادی خاتون اول اور سندھ میں پی پی خواتین کی سربراہ بھی ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ہیں اور ان کے شوہر بھی قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔
پنجاب میں شریف خاندان عشروں سے اقتدار میں ہے جو 2018سے اپریل 2022 تک اقتدار سے باہر رہا مگر میاں شہباز شریف قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے حمزہ شریف پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے، کے پی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمن کے بھائی اپوزیشن لیڈر ہیں اور یہ بھی اہم حکومتی عہدے شمار ہوتے ہیں۔پنجاب میں جنرل ضیا الحق کے دور میں میاں نواز شریف کو پہلی بار پنجاب کا وزیر خزانہ بنایا گیا تھا جو مسلم لیگ پنجاب کے صدر محمد خان جونیجو کی زیر صدارت نئی مسلم لیگ میں وزیر بنائے گئے تھے انھوں نے جونیجو حکومت کی برطرفی کے بعد اپنی مسلم لیگ (ن) بنا لی تھی جس کے بعد چار عشروں سے (ن) لیگ کے صدر چلے آ رہے ہیں اور 1990 میں میاں نواز شریف آئی جے آئی کی حمایت سے منتخب ہوئے تھے اور بعد میں الگ ہو گئے تھے۔
2007 میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری پیپلز پارٹی کے سربراہ بنے تھے اور انھوں نے اپنے صاحبزادے بلاول زرداری کو بلاول بھٹو زرداری کے نام سے پیپلز پارٹی کا چیئرمین منتخب کرایا تھا جس کے بعد 2008 میں وہ صدر مملکت منتخب ہوئے تھے اور اب دوسری بار صدر مملکت ہیں اور پی پی شریک چیئرمین بھی ہیں اور انھوں نے سندھ میں پیپلز پارٹی کو جو ریکارڈ کامیابی دلائی اتنی کامیابی پی پی کو بھٹو دور اور بے نظیر بھٹو کے اقتدار میں بھی حاصل نہیں ہوئی تھی۔ مولانا فضل الرحمن چالیس برس سے جے یو آئی کے سربراہ چلے آ رہے ہیں مگر ان کے آگے جمعیت میں دو گروپ ضرور بنے مگر کامیاب نہیں ہوئے اور جے یو آئی ان کی مکمل گرفت میں ہے اور جمعیت میں ان کے خاندان والوں کو ہی سیاسی اہمیت حاصل ہے۔ اے این پی کی سربراہی تین نسلوں سے ولی خان خاندان کے پاس ہے۔
پہلے ولی خان پھر ان کی بیگم نسیم ولی پھر ان کے صاحبزادے اسفند یار ولی پھر ان کے صاحبزادے ایمل ولی سربراہ ہیں۔ باقی چھوٹی پارٹیوں اور قوم پرست پارٹیوں میں بھی یہی حال ہے جن کے سربراہوں کے بعد اب ان کے صاحبزادے ان پارٹیوں کے سربراہ چلے آ رہے ہیں جن میں محمود خان اچکزئی بلوچستان میں اور سندھ میں زین شاہ شامل ہیں۔ پی ٹی آئی عمران خان نے 1996 میں ملکی سطح پر بنائی باقی چھوٹی پارٹیاں اپنے بنانے والوں کی سربراہی میں عشروں سے سیاست کرتی آ رہی ہیں۔ عمران خان نے اپنی نااہلی اور قید کے باعث بیرسٹر گوہر خان کو قائم مقام چیئرمین بنایا مگر اصل طاقت اب بھی وہی ہیں۔ جماعت اسلامی کے سوا ہر پارٹی اس کے سربراہ کی ملکیت ہے اس لیے ہر پارٹی میں شامل رہنماؤں کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ ان کا سربراہ ان سے ناراض نہ ہو، اگر کوئی رہنما سربراہ ناراض ہو جائے تو وہ کبھی اپنے پرانے ساتھیوں کو معاف نہیں کرتا اور اگر کسی وجہ سے پارٹی رہنما پارٹی سے ناراض ہو تو اسے پارٹی میں کبھی منانے کی کوشش نہیں کی جاتی اور اسے کھڈے لائن لگا دیا جاتا ہے۔
تقریباً تمام سیاسی پارٹیوں میں ناراض رہنماؤں کو بلا کر ان کی شکایات سنیں نہ کبھی منایا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی میں ناراض رہنماؤں کی واپسی کا راستہ کھلا ہوتا ہے اور ذوالفقار مرزا کے سوا سب ناراض رہنما واپس آئے مگر (ن) لیگ میں ایسا نہیں ہے۔ غوث علی شاہ، چوہدری نثار علی، شاہد خاقان عباسی جیسے اہم رہنما ن لیگ میں واپس نہیں آئے اور ایسا ہی تحریک انصاف میں ہے جہاں سے اس کے بانی رہنما عمران خان کی من مانی کے باعث انھیں چھوڑ گئے تھے جو پھر واپس نہیں آئے۔ صرف جماعت اسلامی اپنے اصولوں پر قائم ہے جو امیر کے فیصلوں کی پابند نہیں بلکہ امیر جماعت اسلامی کی پالیسی کا پابند رہتا ہے اور سابق ہو کر بھی پارٹی سے منسلک رہتا ہے۔ اب تک اقتدار میں رہنے والی تمام بڑی پارٹیوں میں پہلے اپنے خاندان کو عہدے دیے جاتے ہیں اور مجبوری ہی میں اس کی وفاداری کی قدر ہوتی ہے۔ پارٹی سربراہوں سے اختلاف کیا ہی نہیں جاتا صرف ان کی ہاں میں ہاں ملانا ہی ملکی سیاست ہے۔