اپنا گھر تو اپنا ہی ہوتا ہے

پاکستان میں اپنے گھر کا خواب صرف ایک مکان خریدنے کا خواب نہیں، یہ ایک ایسی زندگی کی آرزو ہے جس میں انسان اپنی چھت کے نیچے عزت سے سانس لے سکے



پاکستان میں اپنے گھر کا خواب صرف ایک مکان خریدنے کا خواب نہیں، یہ ایک ایسی زندگی کی آرزو ہے جس میں انسان اپنی چھت کے نیچے عزت سے سانس لے سکے۔ وزیر اعظم کی اپنا گھر اسکیم کی معاشی اہمیت اس کے حجم سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔ 23 نومبر کی رپورٹ کے مطابق 18 ہزار مکانات کے لیے 112 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ہم اس کو تھوڑا آسان کر لیتے ہیں کہ فرض کیا 20 ہزار مکانات کے لیے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔

اس کا مطلب ہے کہ محض2 لاکھ مکانات کے لیے ایک ہزار ارب روپے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اعداد و شمار میں کمی بیشی بھی ممکن ہے۔ یہاں پر ایک اور پہلو توجہ طلب ہے موجودہ اسکیم میں 5 فی صد رعایتی مارک اپ کی سہولت پہلے 10 سال کے لیے بیان کی گئی ہے۔ اس کے بعد بینک کی معمول کی شرح لاگو ہو سکتی ہے۔

کیا یہ 5 فی صد کا تعین سود سے تعبیر نہیں کیا جائے گا؟ آج جو خاندان 5 فی صد قسط کا حساب لگا کر گھر خریدنے کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے یہ سوچنا ہوگا کہ 10 سال بعد اس کی قسط کہاں پہنچ سکتی ہے، اگر ایک شخص ان شرائط پر گھر خریدتا ہے اور اس کا انتقال ہو جاتا ہے تو کیا بیوہ کو ساری بقایا رقم معاف ہوگی یا نہیں ہوگی؟ تو وہ رقم کہاں سے ادا کرے گی؟ اگر ریاست عام آدمی کو اپنی چھت دینا چاہتی ہے تو اسے ملک کو پہلے فلاحی ریاست کی شکل میں ڈھالنا ہوگا جہاں شوہر کے مرنے کے بعد اس سے اس کی چھت نہیں چھینی جائے گی۔

قرض کی فراہمی کی شرائط سے سود اور مارک اپ کا سوال جنم لیتا ہے، اگر حکومت واقعی عام آدمی کو ایک پرسکون اور بابرکت رہائش دینا چاہتی ہے تو اسے ایسے متبادل مالیاتی ماڈل تشکیل دینے چاہئیں جن کے تحت قرض لینے والا اسے سود کے بوجھ سے لدا ہوا نہ سمجھے۔ سود سے نکلنے کا یہ مطلب نہیں کہ بینک کی مالی خدمت مفت ہو جائے۔ البتہ خرید و فروخت کے معاہدے کو ایسے واضح شرعی اصولوں کے تحت مرتب کیا جائے۔

اسلامی بینک کے ذریعے ملکیت کرائے داری اور خریداری کے معاہدے شرعی اصولوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔ خریدار کو بھی معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی بینکاری کے تحت قرض بینک کی خدمات یا دیگر امور کے لیے بلا معاوضہ قرض کی فراہمی نہیں ہوتی۔ اس میں بینک کا جائز منافع ہوتا ہے اور خریدار مطمئن ہوتا ہے کہ سب کچھ شرعی اصولوں کے تحت ہو رہا ہے، تو وہ بخوشی ادائیگی بھی کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بھی اسلامی بینکاری کے اصولوں میں شراکت اور نفع و نقصان کی تقسیم کی وضاحت کی ہے۔

کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم کی کامیابی کا پیمانہ یہ ہے کہ کتنے غریب کتنے مستحق افراد میں یہ قرض کی رقم تقسیم کی گئی۔ ایک مزدور کی ماہانہ آمدنی محدود ہے اس کے گھر کا کرایہ ،بجلی، گیس ،بچوں کی تعلیم خوراک علاج معالجے کے اخراجات اور آج کل تو ٹیکسی رکشے کا کرایہ بھی درد سر بن چکا ہے۔ اسے صرف قرض دینا کافی نہیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ماہانہ قسط ادا کرنے کے بعد اپنے خاندان کی بنیادی ضرورت پوری کر سکے گا یا نہیں۔ جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ ملک میں کتنے نئے گھروں کی ضرورت ہے تو اس سلسلے میں مختلف اندازے پیش کیے جاتے ہیں جس کے مطابق 90 لاکھ سے ایک کروڑ 30 لاکھ نئے گھروں کی ضرورت بتائی جاتی ہے۔

اس طرح پاکستان میں کروڑوں افراد اپنی پوری زندگی کرائے کے مکانوں میں گزار دیتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ایک بنیادی سوال یہ بھی کھڑا ہے کہ اس پروگرام سے وہ سرکاری ملازمین جوکہ ریٹائرڈ زندگی بسر کر رہے ہیں وہ پروگرام سے باہر نکل چکے ہیں۔ حالانکہ حکومت کو ان کے لیے ترجیحی پروگرام پیش کرنا چاہیے تھا۔ خاص طور پر ایسے سرکاری ملازمین جنھوں نے سود کے باعث اپنے جی پی فنڈ کو انٹرسٹ فری کروا لیا تھا۔ انھیں بلا سود قرض دیا جانا چاہیے اور ان سرکاری پنشنروں کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ بے شمار ریٹائرڈ ملازمین ایسے ہیں جنھوں نے ریاست کے مختلف اداروں میں عوام کی خدمت کی پاکستان کے لیے کام کیا۔ اپنی جوانی اپنی توانائی خرچ کر دی اور اپنے بڑھاپے کے لیے چھوٹا سا آشیانہ بھی نہ بنا سکے۔ کیا ریاست کی ذمے داری نہیں کہ ایسے لوگوں کی زندگی کے آخری حصے کو آسان بنائے۔ اس اسکیم میں خاص طور پر ان ملازمین کو ترجیح دی جائے جو اب ریٹائرڈ ہو گئے ہیں اور اپنے جی پی فنڈ پر کوئی سود بھی وصول نہیں کیا۔

انھیں ترجیحاً بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں۔ ان کے لیے عمر کے بجائے پنشن اور ادائیگی کی استطاعت کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ یہاں پر کم ازکم 70 سال والے پنشنرز کو یہ سہولت دی جانی چاہیے اور ان کے لیے 20 سال کی مدت ضروری نہیں 10 سے 12 سال میں قرض وصول کیا جاسکتا ہے ،ان کا مسئلہ تو کسی نہ کسی طرح حل ہو جائے گا۔ اگر حکومت ایک ہزار ارب روپے کا قرض دینے جا رہی ہے تو کم از کم 200 ارب روپے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے مخصوص رقم مختص کی جائے جوکہ بلاسود قرض ہو۔ وزیر اعظم کا ایک ہزار ارب روپے کا ہدف ایک بڑا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس موقع کو قرضوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ بلاسود مالی سہولت کم آمدنی والے افراد، بیواؤں کو ترجیح دی جائے۔ اس پروگرام کا آغاز اپریل 2026 سے ہوا تھا۔ تازہ تقسیم شدہ رقم 112 ارب روپے ہے اور مزید منظور شدہ قرض کی رقم 500 ارب روپے ہے جبکہ اگلے 6 ماہ کا ہدف ایک ہزار ارب روپے رکھا گیا ہے۔

دوسری طرف یہ امور بھی توجہ طلب ہے کہ پاکستان میں سرکاری وسائل اور عوامی سہولیات کی تقسیم کا ایک مستقل سوال رہا ہے کہ یہ سہولت بااثر شخص کو ملتی ہے یا ضرورت مند غریب شخص کو ملتی ہے۔ عموماً غریب ضرورت مند شخص درخواست لے کر بینک کے دروازے تک پہنچتا ہے لیکن ایک فون کال کے ذریعے بااثر شخص کو قرض مل جاتا ہے۔

اب وزیر اعظم نے یقین دلایا ہے کہ کسی کی بھی سفارش اگر میرٹ کے خلاف ہو تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ اب اصل امتحان بینکوں کا بھی ہے وزیر اعظم نے بینکوں کو ہدایت بھی کی ہے کہ درخواستوں کی منظوری تیز کریں اور غیر ضروری رکاوٹیں دور کریں۔ جہاں تک کراچی، لاہور، اسلام آباد کا تعلق ہے تو ان جگہوں پر صرف قابل رہائش سوسائٹیوں میں پلاٹ کی قیمت ہی کروڑوں تک پہنچی ہوئی ہے۔ لہٰذا بڑے شہروں کے لیے کچھ خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہوگی اور انھی شہروں میں رہائش کا مسئلہ انتہائی مشکل ترین ہو چکا ہے۔ حکومت اس جانب بھی توجہ کرے تاکہ شہروں میں رہائش پذیر پنشنرز، کم آمدنی والے افراد اور مستحق افراد کو بھی قابل قبول رہائش کی فراہمی ممکن ہو سکے تاکہ ان کے لیے اپنا گھر کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے، کیونکہ اپنا گھر تو اپنا ہی ہوتا ہے۔