مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے گرفتار، کارکن قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں، ترجمان

قائد جمعیت کا پیغام ہے کہ کارکن اشتعال میں نہ آئیں، ہم صبر و تحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے، اسلم غوری


نعیم اصغر November 28, 2026

اسلام آباد:

ترجمان جے یو آئی کے بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کو گرفتار کرلیا گیا۔

میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان سے جاری بیان کے مطابق ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا ہے کہ حکومتی فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا  ہے۔

ترجمان اسلم غوری کے مطابق انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر  سے نکال کر اسے سیل کردیا ہے ، جس کے بعد اہل خانہ وہاں سے روانہ ہوگئے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ قائد جمعیت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں  ، ہم صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے۔ کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔