فٹبال میچ کے دوران تماشائی الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل، کھلاڑی حیران

اس سے پہلے کہ انتظامیہ اسے روک پاتی، اسکوٹر سوار تماشائی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا


اسپورٹس ڈیسک November 28, 2026

پولینڈ کی تھرڈ ڈویژن فٹبال لیگ کے ایک میچ میں تماشائی نے الیکٹرک اسکوٹر پر میدان میں داخل ہوکر سب کو حیران کردیا۔

اسٹالووا وولا اور لیگیا وارسا کی ریزرو ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میزبان ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کی برتری حاصل تھی۔

اسی دوران ایک تماشائی اچانک الیکٹرک اسکوٹر لے کر گراؤنڈ میں داخل ہوگیا اور میدان میں چکر لگانے لگا۔

حیران کن طور پر کھلاڑیوں نے ابتدا میں کھیل جاری رکھا تاہم کچھ دیر بعد ریفری اور کھلاڑیوں کی توجہ اس جانب مبذول ہوئی۔

اس سے پہلے کہ انتظامیہ اسے روک پاتی، اسکوٹر سوار تماشائی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دلچسپی کا مرکز بن گئی۔