خیبرپختونخوا کے 8 میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں کے ادویات فراہمی کے معاہدے جمع نہ ہوسکے

معاہدے جمع نہ ہونے سے وزیراعلیٰ میڈیسن آپریشنز پورٹل پر اسپتالوں کے اکاؤنٹس غیر فعال، ادویات فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ


(فوٹو : فائل)

پشاور:

خیبرپختونخوا کے 8 میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں کے ادویات کی فراہمی سے متعلق معاہدے جمع نہ ہوسکے۔

مراسلے کے مطابق معاہدے جمع نہ ہونے سے ادویات کی فراہمی اور پورٹل پر اکاؤنٹس فعال کرنے کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ ڈی جی اسپتالوں کو منظور شدہ ادویات فراہم کرنے والے وینڈرز کے ساتھ معاہدے فوری مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ایم سی سی مالی سال 2026-27 کے تحت منظور شدہ ادویات کی فراہمی کے معاہدے مکمل کرکے ان کی نقول ڈائریکٹوریٹ ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز میں جمع کرائی جائیں۔

معاہدے جمع نہ کرانے والے اسپتالوں میں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ، ایم سی سی مردان، باچا خان اسپتال صوابی، خلیفہ گل نواز اسپتال بنوں، مفتی محمود ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان، ڈی ایچ کیو اسپتال ڈی آئی خان اور ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں شامل ہیں۔