امریکی فوج نے رواں ماہ برطانیہ کے فضائی اڈے آر اے ایف لیکن ہیتھ کی جانب آنے والے تقریباً چھ ڈرونز کو روک دیا تھا، جبکہ اس واقعے میں ایران کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فوج نے ڈرونز کو پسپا کرنے کے لیے انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی، تاہم برطانوی یا امریکی اہلکار ان ڈرونز کو قبضے میں نہیں لے سکے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس واقعے میں ایران کے ممکنہ تعلق کا شبہ ظاہر کیا گیا، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ 13 نومبر کو آر اے ایف لیکن ہیتھ پر غیر مجاز ڈرونز کی سرگرمیوں کی اطلاعات ملنے کے بعد وزارتِ دفاع کی پولیس، سفوک پولیس اور امریکی فضائیہ کی سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔
ان کے مطابق صورت حال کو جلد قابو میں کرلیا گیا اور اڈے پر سکیورٹی کے معمول کے انتظامات بحال ہوگئے۔
واقعے کے وقت امریکی فضائیہ کے اہلکاروں نے مشتبہ غیر مجاز ڈرون سرگرمیوں کا جواب دیا تھا۔ امریکی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس واقعے میں کسی اہلکار، طیارے یا تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا۔
وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ دفاع نے اس رپورٹ پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔