اسلام آباد میں اہم پیشرفت؛ تجاوزات کیخلاف کارروائیاں مزید تیز ہونے کا امکان

قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ تاجر برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا، انیل سعید


ویب ڈیسک November 28, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

اسلام آباد میں ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے انیل سعید کو اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا، جس کے بعد تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے انیل سعید کو اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ انیل سعید اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر سمیت اہم انتظامی عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

انیل سعید کو تجاوزات کے خاتمے اور کلین اینڈ گرین اسلام آباد مہم میں کردار کے باعث نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسپیشل مجسٹریٹ کا اضافی چارج ملنے کے بعد تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انیل سعید نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ تاجر برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کے وژن کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔