پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھو دیش بنانے اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کرنا چاہتی ہے، ایم کیو ایم

کراچی میں شہریوں کا خون بہہ رہا ہے، لیکن کسی کو پروا نہیں، یہ سب کچھ جمہوری دہشت گردی ہے، مصطفی کمال


فاران خان November 28, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھو دیش بنانے اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کرنا چاہتی ہے۔

سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار نے حق پرست اراکین اسمبلی کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ بتانا ہے کہ کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم پاکستان کو اس کے جمہوری حق سے محروم کیا اور ہمیں مجبور کیا گیا کہ 29 نومبر کی ریلی منسوخ کریں۔

فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرستوں کا کل ریلی نکالنے کا پروگرام تھا۔ فیصلہ یہ کرنا چاہیے تھا کہ کوئی بھی 29 نومبر کو ریلی نہیں نکالے گا۔ حکومت سندھ کا فیصلہ انتہائی امتیازی اور غیر منصفانہ ہے، اگر خدشات تھے تو 29 نومبر کو تمام جماعتوں کی ریلیوں پر پابندی لگائی جاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے اپنے فیصلے سے اپنا اصل ذہن ظاہر کردیا ہے۔ معاملہ صرف انتظامی یونٹس کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کا نہیں بلکہ انتظامی یونٹس کے قیام سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے اور سندھودیش بنانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہے، ان کی سیاسی اور عوامی سرگرمیاں بھی ممنوع ہیں، جبکہ قوم پرست جماعتوں کے جھنڈے کسی بھی ریلی میں استعمال کرنے پر بھی پابندی ہے۔ پیپلز پارٹی کے جاگیردارانہ طرزِ عمل نے اصل حقیقت واضح کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے ملک مخالف نعروں پر حکومت سندھ نے کبھی نوٹس نہیں لیا۔ 22 نومبر کو نکالی گئی ریلی میں بھی ملک مخالف نعروں کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ صوبائی حکومت ملک دشمن عناصر کی کھلم کھلا سرپرستی کر رہی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اصل ذہن سندھ کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا ہے۔ کراچی سے لاڑکانہ اور نوابشاہ تک سندھ کے تمام عوام کو حقوق ملنے چاہییں۔ نوابشاہ اور لاڑکانہ کے عوام کو بھی انتظامی یونٹس دینے کی بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی رائے لینے کی تجویز دی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جائے۔ انتظامی یونٹس کے قیام پر عوام سے رائے لینے میں کیا اعتراض ہے؟

فاروق ستار نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کی بات پر سندھودیش بنانے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھودیش بنانے اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کرنا چاہتی ہے، یہی پیپلز پارٹی کا اصل ایجنڈا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے خلاف قراردادیں منظور کرنے کا کیا جواز ہے؟ سندھودیش کے قیام کی سازش کے خلاف ایم کیو ایم نے بھی قرارداد جمع کرائی تھی۔ 4 ستمبر 2026 کو سندھودیش کے قیام کے خلاف قرارداد جمع کرائی گئی، لیکن سندھودیش کے خلاف ایم کیو ایم کی قرارداد کیوں منظور نہیں کی گئی؟

انہوں نے واضح کیا کہ انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی جغرافیائی تقسیم نہیں بلکہ انتظامی بوجھ بانٹنے کا معاملہ ہے۔ 8 کروڑ آبادی کا صوبہ سندھ 18 سال میں پیپلز پارٹی سے نہیں سنبھالا گیا۔ سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کے باوجود کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نظر نہیں آتا۔ فاروق ستار نے سوال کیا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں ترقی کہاں ہے؟ ان کے مطابق سندھ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کر رہی ہے، جبکہ انتظامی یونٹس بنانے کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات اور انتظامی اختیارات دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں کے ساتھ ظلم، ناانصافی اور جبر کیا گیا۔ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک کیا گیا۔ شہری علاقوں کے عوام کو دیوار سے نہیں لگایا گیا بلکہ دیوار میں چنوایا گیا ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمختاری کے 20 سال بعد بھی پاکستان مضبوط نہیں ہوسکا۔ مضبوط مرکز کو مضبوط پاکستان کی ضمانت قرار دیا گیا مگر پاکستان کمزور ہوا۔ مضبوط مرکز کے باوجود مشرقی پاکستان الگ ہوگیا۔ مضبوط صوبوں کو مضبوط پاکستان کی علامت قرار دیا گیا مگر معیشت ترقی نہ کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال میں ملکی معاشی ترقی کی شرح 2 سے ساڑھے 3 فیصد تک محدود رہی، جبکہ 20 سال پہلے ملکی معاشی ترقی کی شرح 6، 7 اور 8 فیصد تھی۔ مقامی حکومتوں کا نظام بے اختیار، بے وسیلہ اور غیر مؤثر بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل دینے کے بجائے ان سے اختیارات چھینے گئے۔ اب سندھودیش بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ جئے سندھ متحدہ محاذ شفیع برفت گروپ کا پرچم ریلی میں لہرایا گیا، جبکہ ریلی میں ملک مخالف پرچم کی موجودگی اور اجازت کا معاملہ بھی اہم ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں تحقیقات کریں گے، ریاست مخالف سرگرمیوں پر پہلے ہی کارروائی ہونی چاہیے تھی۔ ریلی میں موجود پرچم کی اجازت لی گئی تھی یا نہیں، یہ بھی واضح کیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چند سو خاندان اپنی اجارہ داری اور اقتدار برقرار رکھنے کے لیے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ میں ہر طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ چند خاندان اپنی لوٹ مار اور بدترین طرز حکمرانی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

فاروق ستار نے سوال اٹھایا کہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کے تانے بانے پیپلز پارٹی سے تو نہیں ملتے؟ پیپلز پارٹی کی فنڈنگ سے یہ سارا کام تو نہیں ہو رہا، تحقیقات کی ضرورت ہے۔ بلاول زرداری کے بیانات کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجارہ داری اور جاگیرداری پر مبنی پاکستان اب نہیں چلے گا، سندھ پر چند خاندانوں کی اجارہ داری کے دن گنے جا چکے ہیں۔ 2027 میں پاکستان کے 26 کروڑ عوام کی شراکت داری کا نیا سورج طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست کہلانے والوں کو ترجیح اور ملک و آئین پرست جماعتوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کو اپنے ہی شہر میں ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم پابندی کے باوجود سیاسی استحکام اور امن و امان کے لیے ریلی منسوخ کی۔ فاروق ستار کے مطابق ملک کے وسیع تر مفاد میں آئینی پابندی اور حکومتی فیصلے کو قبول کیا گیا۔ اجازت نہ ملنے پر آج پریس کانفرنس کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔ حکومت کی عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی کرکے ریلی نکالنا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ تھا کہ ریلی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو سارا الزام ایم کیو ایم پر ڈال دیا جائے گا۔ کراچی کے امن و امان اور کاروبار و تجارت کے تحفظ کے لیے ریلی منسوخ کی۔ 29 نومبر کو ہونے والی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم دسمبر میں ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے عوام کے وسیع تر مفاد میں ریلی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دریں اثنا سینئر مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان 29 نومبر کی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک بہت بڑا مقصد ہے اور عوامی مفاد کی اس تحریک کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کسی ایک انسان کی جان و مال کو خطرہ ہو تو 10 مرتبہ بھی ریلی کی تاریخ تبدیل کریں گے۔ ہمارے لیے انسانی جان اور امن و امان سب سے زیادہ اہم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا گیا، جبکہ حکومت نے ہمیں ریلی نکالنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ سندھودیش کا نعرہ لگانے والوں کی ریلی کے باعث تصادم کا خدشہ بھی تھا۔ تصادم کا معمولی سا بھی خدشہ ہوتا تو ہم پھر بھی ریلی منسوخ کرتے۔ انتظامی یونٹس کی تحریک شہر، صوبے اور ملک کے عوام کی تحریک ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق غریب اور متوسط طبقہ انتظامی یونٹس کے قیام کی مہم کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم مخالفین کو اس خالص عوامی تحریک کو متنازع بنانے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔ کسی شرارت کے نتیجے میں الزام ہم پر آتا، اس لیے ریلی منسوخ کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلی منسوخ کرکے قومی اور سیاسی پختگی کا ثبوت دیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی منسوخ کی۔ بلاول بھٹو نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں خون بہانے کی بات کی اور کہا کہ کچرے سے زیادہ خون بہے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے، ان کے بیان میں ایک چھپا ہوا خطرہ محسوس ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو کے پیڈ لوگ پیپلز پارٹی کی بی ٹیم ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنے مقاصد کے لیے لوگوں کو پیسوں پر پال رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر مؤقف پیش نہ کرسکنے والے سندھ کارڈ استعمال کرکے ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کسی کو عوامی تحریک کو تصادم اور بدامنی میں تبدیل کرنے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس پر اختیار رکھنے والے رہنما مہاجروں کے خون بہانے کی بات کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے ان شہروں کا نام لیا جہاں مہاجر اکثریت میں آباد ہیں۔ اردو بولنے والے مہاجروں کے خون بہانے کی بات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی خالص عوامی تحریک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ پیپلز پارٹی نے پہلی مرتبہ اس طرح کی زبان استعمال نہیں کی۔ 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی میں 3 روز تک آگ اور خون کا کھیل کھیلا گیا۔ فیکٹریوں اور صنعتی اداروں کو جلایا گیا۔ 3 روز کے دوران 100 سے زائد بینک لوٹے اور جلائے گئے، جبکہ ایک ہی دن میں ایک ہزار 143 گاڑیاں جلائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ گاڑیاں جلانے کا واقعہ پیش آیا۔ آپ گوگل سے 27 دسمبر 2007 کے بعد پیش آنے والے واقعات کے اعداد و شمار کی تصدیق کریں۔ فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین ورکرز کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی پیش آئے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی سے لاڑکانہ تک مہاجروں کی املاک کو چن چن کر آگ لگائی گئی۔ 10 دکانوں میں سے اردو بولنے والوں کی 3 دکانیں جلائی گئیں۔ 27 دسمبر 2007 کے واقعات میں مخصوص طبقے کی املاک کو نشانہ بنایا گیا۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ  2007 میں گرفتار ہونے والے ہزاروں افراد کے مقدمات واپس لے لیے گئے۔ قائم علی شاہ نے حکومت میں آتے ہی 27 دسمبر کے واقعات میں گرفتار افراد کے مقدمات واپس لیے اور جیلوں کے دروازے کھول کر گرفتار افراد کو رہا کردیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے بڑوں نے کوٹہ سسٹم نافذ کرکے ہماری نسل کشی کی۔ آج سندھ حکومت مہاجروں کو ان کے مقررہ کوٹے کے مطابق بھی حق نہیں دے رہی، جبکہ جعلی ڈومیسائل بنا کر شہری کوٹے پر بھی قبضہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں لوگ مدد کے لیے پکارتے رہے مگر کوئی آواز سننے والا نہیں تھا۔ مائیں اپنے بچوں کو تڑپتا دیکھتی رہیں اور حکومتی بے حسی برقرار رہی۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے موبائل فون چھیننے کے دوران انہیں گولیاں مار کر قتل کیا جا رہا ہے، لیکن موبائل فون چھیننے کے دوران نوجوانوں کے قتل کے واقعات میں ملزمان گرفتار نہیں ہوتے۔ شہری ٹرکوں کے نیچے کچل کر مارے جا رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہریوں کا خون بہہ رہا ہے، لیکن کسی کو پروا نہیں۔ یہ سب کچھ جمہوری دہشت گردی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ریاست کو بھی اندازہ ہوگیا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت ملک مزید نہیں چل سکتا۔ چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ریاست اور عوام دونوں کے مسائل کا حل ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاست اور عام آدمی کے مسئلے کا حل ایک ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رہنے والا سندھی، پختون، بلوچ، مہاجر، پنجابی اور سرائیکی سب ہمارے بھائی ہیں۔ ہم شہر میں بسنے والی کسی بھی قومیت کو اپنا مخالف نہیں سمجھتے۔ مہاجروں کے گھروں میں پانی نہیں آتا تو سندھیوں کے گھروں میں بھی پانی نہیں آتا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر گاڑی ٹوٹتی ہے تو تمام قومیتوں کے شہری متاثر ہوتے ہیں۔ کراچی میں تفریق زبان اور نسل کی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی ہے۔ اس شہر میں ظالم اور مظلوم کی دو قومیتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے سندھی، پختون، بلوچ، پنجابی، سرائیکی اور دیگر قومیتیں ہمارے ساتھ ہیں۔ تمام قومیتوں کے لوگ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق ایم کیو ایم کی آئندہ ریلی میں ہر قومیت اور طبقے کے لوگ شرکت کریں گے۔ کچی آبادیوں سے لے کر ڈیفنس اور کلفٹن تک کے شہری ریلی میں شریک ہوں گے۔ چھوٹے انتظامی یونٹس کی تحریک کسی ایک زبان یا قومیت کی تحریک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سیاسی ماحول خراب ہوگیا ہے، گالم گلوچ اور خون بہانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ سندھ میں رہنے والے ہمارے سندھی بھائیوں کو خود کو زیادہ محفوظ سمجھنا چاہیے، جبکہ شہر میں جو قومیت تعداد میں کم ہے اسے زیادہ تحفظ کا احساس ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے۔ بلاول بھٹو کو اس بات پر غصہ کیوں نہیں آتا کہ بلاول ہاؤس میں پانی نہیں آتا۔ بلاول ہاؤس میں بھی پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔ بلاول ہاؤس میں پانی کی فراہمی بہتر ہوتی تو پورے کلفٹن کو فائدہ پہنچتا۔ 18 سال میں کلفٹن کے علاقے کو پانی کی فراہمی بہتر کیوں نہیں بنائی گئی؟۔ کراچی: سندھ حکومت کے افسر نے ورلڈ بینک کے 8 ارب روپے غبن کرلیے۔  بینک نے فنڈنگ روک دی، سپریم کورٹ بھی اس معاملے کا ذکر کر رہی ہے۔ سندھ کے عوامی مسائل پر غصہ کیوں نہیں دکھایا جاتا۔