بچوں کے جنسی استحصال پر والد کا اسکینڈل، میگھن مارکل نے اپنے بچوں کےلیے اہم فیصلہ لے لیا

میگھن مارکل اپنے والد سے متعلق سامنے آنے والے سنگین الزامات کے بعد بچوں کے تحفظ کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہوگئی ہیں


ویب ڈیسک November 28, 2026

برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للیبیٹ کو سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر موجود نامناسب مواد اور خبروں سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی آن لائن رسائی محدود کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل اپنے والد تھامس مارکل سینئر سے متعلق سامنے آنے والے سنگین الزامات کے بعد بچوں کے تحفظ کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہوگئی ہیں۔ رواں ماہ ان کے والد کو بچوں سے متعلق قابل اعتراض تصاویر کے الزامات پر گرفتار کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ مبینہ مواد تھامس مارکل سینئر کے فلپائن میں واقع گھر سے ان کے بیٹے تھامس مارکل جونیئر کو ملا تھا۔ اس معاملے نے میگھن کو اس بات پر غور کرنے پر مجبور کیا کہ ان کے بچے ان خبروں اور ان سے جڑے تنازعات سے کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق میگھن نہیں چاہتیں کہ آرچی اور للیبیٹ کو کم عمری میں اپنے نانا سے متعلق الزامات اور خبروں کا سامنا کرنا پڑے۔ ان کا ارادہ ہے کہ بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود رکھی جائے اور انہیں انٹرنیٹ پر اس نوعیت کا مواد دیکھنے سے بچایا جائے۔

رپورٹس کے مطابق میگھن اور ہیری چاہتے ہیں کہ بچوں کو خاندان کے بڑوں سے متعلق معاملات کی حقیقت اس وقت بتائی جائے جب وہ اتنے بڑے ہوجائیں کہ انہیں سمجھ سکیں۔ اس حکمت عملی کا مقصد انہیں غیر ضروری تنقید، نامناسب مواد اور ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔