جنوبی افریقا کے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن میں تنہا رہنے والی مکھیوں کے تحفظ اور تحقیق کے لیے 510 چھوٹے بِی (شہد کی مکھی) ہوٹل قائم کیے گئے ہیں جہاں شہری رضاکار ان کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
یہ ہوٹل لکڑی میں بنائے گئے چھوٹے سوراخوں پر مشتمل ہیں، جنہیں مکھیاں اپنی رہائش کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
'اربن بی' نامی اس منصوبے کا مقصد شہری ماحول میں مکھیوں کی مختلف اقسام کا مطالعہ اور لوگوں میں قدرتی ماحول کے تحفظ کا شعور اجاگر کرنا ہے۔
جوہانسبرگ کی رضاکار سیلیا ہاپٹ کئی ماہ سے اپنے بِی ہوٹل میں رہنے والی مکھیوں کا مشاہدہ کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق مکھیاں کبھی اپنے گھروں سے سر باہر نکالتی ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ان سے باتیں کر رہی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ تنہا رہنے والی یہ مکھیاں بھی کبھی کبھار اپنے پڑوسیوں سے میل جول کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ شہریوں کو حیاتیاتی تنوع کی اہمیت سمجھانے اور ماحول دوست سرگرمیوں میں شریک کرنے کی ایک منفرد کوشش ہے۔