لاہور بورڈ کے زیراہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ اسپورٹس چیمپئن شپ 2026-27 کا شاندار آغاز ہوگیا جس میں باڈی بلڈنگ، جمناسٹکس اور باسکٹ بال کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
ترجمان لاہور بورڈ طاہر جاوید نے بتایا کہ لاہور تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ اسپورٹس چیمپئن شپ 2026-27 کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس قومی سطح کے اسپورٹس ایونٹ میں ملک بھر کے 12 تعلیمی بورڈز کی ٹیمیں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں ، جن میں فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور، مردان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، مالاکنڈ اور بنوں سمیت دیگر شامل ہیں۔
چیمپئن شپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے طلبہ میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین الصوبائی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور مثبت مقابلے کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔