بنگلا دیش کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم فروری 2027 میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو جائیں گے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر تمیم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ڈھاکا میں 14 فروری سے شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ مشفق الرحیم کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں تمیم اقبال نے بتایا کہ مشفق الرحیم نے رواں ماہ کے آغاز میں انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا اور میڈیا و عوام تک یہ خبر پہنچانے کی درخواست کی تھی۔
تمیم اقبال کے مطابق انہوں نے مشفق الرحیم کو خود پریس کانفرنس کرکے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا مشورہ دیا اور فیس بک پر پوسٹ کرنے سے بھی منع کیا۔ تاہم، وہ انہیں اس بات پر آمادہ نہ کر سکے۔
تمیم اقبال نے کہا کہ مشفق الرحیم بنگلہ دیش کرکٹ کے لیے عظیم خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ چاہتے تھے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان مناسب اور باوقار انداز میں کیا جائے۔ تاہم، مشفق کی خواہش پر انہوں نے خود یہ خبر میڈیا کو دی۔
واضح رہے کہ مشفق الرحیم پہلے ہی ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف فروری 2027 میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ ان کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا۔