پاکستان آرمی نے 19ویں کورین ایمبیسڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 40 گولڈ میڈلز کیساتھ چیمپئن شپ کا ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کومبیکس کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ کے اختتامی روز آرمی کے ڈائریکٹر فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل نیبل احمد رانا، سید عون عباس، صداقت حسین، شمیم جدون اور محمد زبیر نے کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
میڈلز ٹیبل پر پاکستان آرمی 40 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہی، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دو طلائی، 12 چاندی اور 11 کانسی کے تمغے کیساتھ دوسری جبکہ پاکستان ایئر فورس نے ایک طلائی، چار چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مردوں کے پلس 87 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں آرمی کے حمزہ عمر سعید نے ایچ ای سی کے محمد حسنین کو شکست دیکر طلائی تمغہ جیتا جبکہ پنجاب کے حمزہ اقبال اور آزاد کشمیر کے عمران خان نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
مائنس 54 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے محمد یاسر نے آرمی کے عبدالرؤف کو شکست دیکر طلائی تمغہ جیتا۔
خواتین کے مائنس 49 کلوگرام مقابلوں میں آرمی کی فاطمہ زہرا نے گولڈ میڈل جیتا، ایچ ای سی کی حمیدہ نے چاندی جبکہ آزاد کشمیر کی عروہ بٹ اور پنجاب کی نائلہ ندیم نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
خواتین کی مائنس 53 کلوگرام کیٹیگری میں آرمی کی نقش ہمدانی نے ایچ ای سی کی صابرہ بی بی کو شکست دے کرجبکہ مائنس 73 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں آرمی کی مائزہ امتیاز بٹ نے ایئر فورس کی نصرت کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔