دوبارہ کپتانی کی پیشکش سے متعلق روہت شرما کا بڑا بیان

انٹرویو میں ممبئی انڈینز کی قیادت سنبھالنے سے متعلق اہم گفتگو کی


ویب ڈیسک November 28, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر روہت شرما نے انکشاف کیا ہے کہ ممبئی انڈینز کی قیادت دوبارہ سنبھالنے کی پیشکش پر وہ ابتدا میں آمادہ نہیں تھے لیکن ٹیم کی بحالی اور اسے درست سمت دینے کے چیلنج نے انہیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔

روہت شرما کے مطابق آئی پی ایل 2026 میں ممبئی انڈینز کی نویں پوزیشن پر اختتام کے بعد جب انہیں دوبارہ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے فوری طور پر ہاں نہیں کی بلکہ اس بارے میں سنجیدگی سے غور کیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے ٹیم کے مالک آکاش امبانی سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ابتدائی ردعمل تھا کہ وہ اس وقت دوبارہ قیادت کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ گزشتہ عرصے میں بہت کچھ ہو چکا تھا۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کر رہے کہ ٹیم کو بطور لیڈر ان کی ضرورت ہے لیکن اس وقت ممبئی انڈینز کو ایک واضح سمت کی ضرورت ہے اور اگر وہ یہ سمت فراہم کر سکتے ہیں تو انہیں ٹیم کو آگے لے جانے میں خوشی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گھر جا کر انہوں نے اس فیصلے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا اور خود سے سوال کیا کہ وہ ٹیم کے لیے کیا کر سکتے ہیں اور کن ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے تیار ہیں۔

روہت شرما کے مطابق بالآخر انہیں احساس ہوا کہ یہ وہی ٹیم ہے جسے انہوں نے بنایا اور جس کی دس سال تک قیادت کی، اس لیے اب ایک بار پھر اس چیلنج کو قبول کرنے کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ روہت شرما کی قیادت میں ممبئی انڈینز نے پانچ مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔