ارجنٹائن کی جانب سے متنازع فاک لینڈ جزائر کے قریب برطانیہ کی حمایت یافتہ تیل کی تلاش کا منصوبہ روکنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
بین الاقوامی عدالت برائے قانونِ سمندر (ITLOS) نے ہفتے کے روز ارجنٹائن کی درخواست کو 18 کے مقابلے میں 3 ووٹوں سے مسترد کر دیا۔
عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا کیونکہ اس کا تعلق جزائر کی خودمختاری کے تنازع سے ہے، نہ کہ صرف سمندری قانون کی تشریح سے۔
ارجنٹائن نے درخواست کی تھی کہ سی لائن آئل فیلڈ منصوبے پر عارضی طور پر پابندی لگائی جائے جب تک اس کے دائر کردہ ثالثی کیس کا فیصلہ نہ ہو جائے۔
ارجنٹائن کا مؤقف تھا کہ برطانیہ متنازع علاقے میں یکطرفہ طور پر قدرتی وسائل کا استحصال کر رہا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ نے دلیل دی کہ اصل معاملہ فاک لینڈ جزائر کی ملکیت کا ہے، جو سمندری قانون کے تحت نہیں آتا۔ عدالت نے اسی مؤقف کو درست قرار دیا۔
فیصلے کے بعد سی لائن منصوبے پر کام جاری رہ سکے گا۔ یہ منصوبہ برطانوی کمپنی راک ہوپر ایکسپلوریشن اور اسرائیلی کمپنی نویٹاس پیٹرولیم کی مشترکہ شراکت میں چلایا جا رہا ہے۔ اس آئل فیلڈ میں تقریباً 1.7 ارب بیرل تیل کے ذخائر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
برطانیہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈرلنگ مارچ 2027 سے پہلے شروع نہیں ہوگی جبکہ تیل نکالنے کا عمل مارچ 2028 سے پہلے شروع نہیں ہوگا۔ عدالت نے برطانیہ کی اس یقین دہانی کو باقاعدہ طور پر ریکارڈ بھی کیا۔
فیصلے پر برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور اٹارنی جنرل ایلی ریوز نے خوشی کا اظہار کیا اور ارجنٹائن سے مطالبہ کیا کہ وہ فاک لینڈ کے باشندوں کے حقِ خود ارادیت کا احترام کرے اور معاشی دباؤ ختم کرے۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے صدر خاویر میلی نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کریں گے لیکن یہ حتمی فیصلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن بین الاقوامی قانون کے دائرے میں اپنے حقوق کا دفاع جاری رکھے گا اور یکطرفہ استحصال کو روکنے کے لیے تمام سفارتی، قانونی اور انتظامی راستے استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ فاک لینڈ جزائر، جنہیں ارجنٹائن مالویناس کہتا ہے، برطانیہ کے زیر انتظام ہیں، لیکن ارجنٹائن ان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 1982 میں ان جزائر پر 74 روزہ جنگ بھی ہو چکی ہے۔