نیوزی لینڈ الیکشن کے حتمی نتائج؛ کس کی جیت، کس کی ہار؛ کون بنا مقدر کا سکندر

وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کا اتحاد 130 میں 65 نشستیں حاصل کر سکا جو اکثریت کے لیے درکار 66 نشستوں سے ایک نشست کم ہے۔


ویب ڈیسک November 28, 2026
نیوزی لینڈ الیکشن حتمی نتائج؛ کس کی جیت، کسی ہار؛ کون بنا مقدر کا سکندر

نیوزی لینڈ کے عام انتخابات کے حتمی نتائج کے بعد چھوٹی جماعت اپرچیونٹی پارٹی حکومت سازی میں کنگ میکر کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعہ 27 نومبر کو جاری کیے گئے حتمی نتائج کے مطابق وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کی قیادت میں حکمران مرکز دائیں اتحاد 130 رکنی پارلیمنٹ میں صرف 65 نشستیں حاصل کر سکا جو اکثریت کے لیے درکار 66 نشستوں سے ایک نشست کم ہے۔

نیشنل پارٹی نے 40، اے سی ٹی نے 13 اور نیوزی لینڈ فرسٹ نے 12 نشستیں حاصل کیں۔ دوسری جانب مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے 36 نشستیں حاصل کیں۔ گرین پارٹی کو 17 اور تی پاتی ماؤری کو 5 نشستیں ملیں۔ اس طرح بائیں بازو کا بلاک مجموعی طور پر 58 نشستوں تک ہی پہنچ سکا۔

سب سے اہم کردار اپرچیونٹی پارٹی کا رہا، جس نے 7 نشستیں جیت کر پارلیمنٹ میں توازن اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ پارٹی کی رہنما 38 سالہ کیولے وونگ اب حکومت سازی کی فیصلہ کن شخصیت بن گئی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اپرچیونٹی پارٹی کی حمایت کے بغیر بائیں بازو کا اتحاد بھی حکومت نہیں بنا سکتا، اس لیے وزیراعظم لکسن کے پاس ہی حکومت بنانے کا واحد قابلِ عمل راستہ موجود ہے۔ لیبر لیڈر کرس ہپکنز نے بھی اس بات کا اعتراف کر لیا ہے۔

انتخابی رات کے ابتدائی نتائج میں حکمران اتحاد کو معمولی اکثریت حاصل تھی، لیکن تقریباً 4 لاکھ 85 ہزار اسپیشل ووٹوں کی گنتی کے بعد صورتحال بدل گئی۔ ان ووٹوں میں بیرون ملک مقیم نیوزی لینڈرز کے ووٹ بھی شامل تھے۔

گنتی کے بعد نیشنل پارٹی کی دو نشستیں کم ہو گئیں۔حتمی نتائج میں نیشنل پارٹی کو 28.35 فیصد اور لیبر پارٹی کو 29.88 فیصد ووٹ ملے۔ دونوں بڑی جماعتوں کو 30 فیصد سے کم ووٹ ملنا نیوزی لینڈ کی تاریخ میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

اب لکسن کو حکومت بنانے کے لیے تین مختلف نظریات رکھنے والی چھوٹی جماعتوں اے سی ٹی، نیوزی لینڈ فرسٹ اور اپرچیونٹی پارٹی سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ انتخابات میں مہنگائی، روزمرہ اخراجات اور صحت کے نظام کی خرابی اہم موضوعات رہے۔

اپرچیونٹی پارٹی نے موسمیاتی تبدیلی پر سخت اقدامات اور سمندر میں باٹم ٹرالنگ پر پابندی سمیت پانچ بنیادی شرائط رکھی ہیں، جو اے سی ٹی اور نیوزی لینڈ فرسٹ کے مؤقف سے ٹکراتی ہیں۔

واضح رہے کہ انتخابات سے قبل لکسن نے اپرچیونٹی پارٹی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا تھا لیکن حتمی نتائج کے بعد انہوں نے اپنا مؤقف بدل لیا ہے اور مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔اگر جماعتوں کے درمیان معاہدہ نہ ہوا تو نیوزی لینڈ میں دوبارہ انتخابات کا امکان بھی موجود ہے۔