بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتوار 29 نومبر 2026 کی صبح تقریباً 2 بجے رانچی۔پٹنہ قومی شاہراہ (این ایچ 33) پر پیش آیا، جہاں 14 افراد کو لے جانے والی ایک اسکارپیو گاڑی آگے جانے والی بھاری گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جھنگھارو کے رہائشی تھے اور مذہبی عبادت کے لیے راج رپا مندر جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں زندہ بچنے والا ایک شخص شدید زخمی ہے جسے رام گڑھ کے صدر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔