پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی زمین پر واپسی؛ استقبال کی تیاریاں جاری

ذیشان علی اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرکے چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے زمین کی جانب سفر شروع کریں گے، چینی میڈیا


نعیم اصغر November 29, 2026
فوٹو: ٹوئٹر

پاکستانی خلاباز ذیشان علی چین کے اشتراک سے تاریخی مشن مکمل کر کے آج رات زمین پر لینڈ کریں گے اور ان کے استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

چین کے میڈیا کے مطابق پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے آج رات زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع کریں گے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ذیشان علی چین کے دیگر دو خلابازوں ڑانگ ڑی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے خلائی جہاز پر زمین کی جانب روانہ ہوں گے اور شمالی چین کے ڈونگ فینگ میں لینڈ کریں گے.

پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی واپسی کا عمل آج رات 9 بجے شروع ہو گا اور وہ رات تقریباً 2 بجے کے قریب زمین پر پہنچیں گے.

چینی حکام کے مطابق چین کے خلائی مشن کے ساتھ خلا میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی نے اپنا تفویض کردہ سائنسی تجربہ مکمل کر لیا ہے، پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ وہ 25 نومبر کو چین کے ’شینڑو 24‘ خلائی جہاز کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوئے تھے، محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہیں اور مشترکہ سائنسی تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں۔