ایڈمن سوسائٹی حادثہ، ملبے سے 15 افراد زندہ، 16 لاشیں نکالی گئیں، ایک تاحال لاپتا ہے، ریسکیو  

واقعے کے تقریباً 20 منٹ بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا تھا، ڈی جی ریسکیو 1122 سندھ بریگیڈیئر (ر) واجد صبغت اللہ مہر


محمد شاہ میر خان November 29, 2026
فوٹو: فائل

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سندھ بریگیڈیئر (ر) واجد صبغت اللہ مہر نےکراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ریسکیو آپریشن سے متعلق کہا ہے کہ ملبے سے 15 افراد کو زندہ جبکہ 16 جاں بحق افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی فراہم کردہ فہرست میں شامل ایک لاپتا شخص کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 نومبر کو دوپہر ایک بج کر 36 منٹ پر سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع روانہ کردی گئی تھیں اور واقعے کے تقریباً 20 منٹ بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔

ڈی جی ریسکیو 1122 نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 80 سے زائد ریسکیورز اور پیرامیڈکس مختلف شفٹوں میں مسلسل تعینات رہے، خصوصی تربیت یافتہ ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں نے انتہائی خطرناک حالات میں امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملبے میں دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ کیمروں، تھرمل امیجنگ کیمروں، سننے والے آلات اور موومنٹ ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا گیا جبکہ بھاری مشینری کی مدد سے عمارت کے بڑے حصے انتہائی احتیاط سے ہٹائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران اہلکاروں کی حفاظت اور متاثرین کا بحفاظت انخلا اولین ترجیح رہا، بڑے پیمانے پر جاری آپریشن کے باوجود شہر کی دیگر ہنگامی صورت حال سے بھی مؤثر انداز میں نمٹا گیا اور آخری ممکنہ لمحے تک ملبے میں زندہ افراد کی تلاش جاری رکھی گئی۔

ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق تمام افراد کی تلاش ضلعی انتظامیہ کے معلوماتی مرکز سے فراہم کردہ فہرست کی بنیاد پر کی گئی، فراہم کردہ فہرست کے مطابق 15 زخمی اور 16 جاں بحق افراد ملبے سے نکالے جاچکے ہیں جبکہ ایک لاپتا شخص کی تلاش باقی ہے۔

واجد صبغت اللہ نے آپریشن میں حصہ لینے والے ریسکیورز کی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن اہلکاروں نے انسانی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر خدمات انجام دیں۔