پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن سے کامیابی کے ساتھ زمین پر واپس پہنچ گئے

تینوں خلابازشمالی چین میں واقع ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پراترے


ویب ڈیسک November 30, 2026

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن سے زمین پر واپس پہنچ گئے، شین ژو 23 نے خلائی جہاز خلائی اسٹیشن سے الگ ہوکر تینوں خلا بازوں کو لے کر شمالی چین میں زمین پر کامیاب لینڈنگ کی ۔

سپارکو کے مطابق شین ژو 23 نے 29 نومبر کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 42 منٹ پر خلائی اسٹیشن سے کامیاب علیحدگی اختیار کی تھی۔

روانگی سے قبل خلا بازوں نے سائنسی تجربات سے متعلق ڈیٹا منتقل کرنے سمیت اسٹیشن کے انتظامی امور اور ریکارڈ کی تکمیل کی۔

چینی خلا باز ژانگ ژی یوان، لی جیا ینگ اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اب زمین پر پہنچ گئے ہیں۔ ذیشان علی 25 نومبر کو چینی خلا بازوں کے ہمراہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے اور وہاں پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق تینوں خلابازشمالی چین میں واقع ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پراترے جبکہ خلابازوں کی بحفاظت واپسی کیلئے زمینی کنٹرول ٹیمیں آئندہ مراحل کی نگرانی کررہی ہیں۔