بھارتی انتہا پسند ’’عالیشان پاکستان‘‘ نمائش بھی منسوخ کرانے کیلیے سرگرم

انتہا پسندوں کے دباؤ پر بھارتی حکام نے 31 اگست سے ہونے والی ’میڈان پاکستان‘ کا اجازت نامہ واپس لے لیا تھا


Business Reporter September 05, 2014
تاجروں ومندوبین کو سیکیورٹی خدشات لاحق، ویزے بھی جاری نہیں ہوئے، پاکستانی نمائش کنندگان، ویزے 2 روز میں جاری، انتظامات مکمل ہیں، ذرائع وزارت تجارت فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیمیں پاکستان کے خلاف بھرپور طریقے سے مہم چلارہی ہیں جس میں پاکستان کو دشمن ملک قرار دیتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی بھارت میں تشہیری سرگرمیوں کو بھارت دشمنی قرار دیتے ہوئے بھارت میں پاکستانی نمائشوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

بھارتی حکام نے انتہاپسند ہندو تنظیموں کے دباؤ پر 31 اگست سے ممبئی میں ہونے والی نمائش منسوخ کرتے ہوئے نمائش کا اجازت نامہ واپس لے لیا۔ انتہا پسند ہندو تنظیمیں ممبئی میں میڈ ان پاکستان نمائش ملتوی کرانے کے بعد اب دہلی میں ہونے والی 'عالیشان پاکستان' نمائش کے خلاف بھی سرگرم ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے اس نمائش میں حصہ لینے والے پاکستانی نمائش کنندگان اور مندوبین تشویش کا شکار ہیں۔

پاکستان کیخلاف احتجاج و مظاہروں کے باعث نئی دہلی میں 11 ستمبر سے شروع ہونے والی 'عالیشان پاکستان' نمائش اور پاکستانی تاجروں کی سیکیورٹی کو خدشات لاحق ہوگئے ہیں جبکہ تاحال نمائش میں شرکت کے خواہشمند بیشتر افراد کو ویزے بھی جاری نہیں کیے جا سکے۔ بھارتی انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے بھارت میں پاکستانی مصنوعات کی نمائشوں کے انعقاد پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مبینہ سرحدی خلاف ورزیوں کے باعث ان نمائشوں کے انعقاد کی ہر گز اجازت نہ دی جائے بصورت دیگر شیوسینا کی جانب سے ان نمائشوں کی سخت مخالفت کی جائے گی۔

بھارتی انتہا پسندوں کے اسی رویے اور احتجاج کے باعث ممبئی میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک طے شدہ میڈ ان پاکستان نمائش منسوخ کردی گئی اور اب بھارتی انتہا پسند ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ٹی ڈیپ) کے تحت نئی دہلی میں ہونے والی 'عالیشان پاکستان' نمائش کے خلاف بھی سرگرم ہوگئے ہیں، بھارتی انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے کارکنوں کی جانب سے گزشتہ روز بھی نئی دہلی کی نمائش گاہ ''پراگتی میدان'' پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر پولیس کی جانب سے شیوسینا کے 25 کارکنوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا۔

انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری احتجاج اور پاکستان کو دشمن ملک قرار دیتے ہوئے تجارت کی اجازت نہ دینے کی مہم کے باوجود پاکستان میں اس نمائش کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، نمائش میں شرکت کرنیوالے پاکستانی نمائش کنندگان نے موجودہ صورتحال اور بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاج کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورتحال میں ان کیلیے کشیدہ ماحول میں نمائش میں شرکت کرنا خوف سے خالی نہ ہوگا جبکہ ابھی تک بیشتر افراد کو ویزے بھی نہیں مل سکے ہیں اور کچھ نہیں پتا کہ کب ویزے ملیں گے تاکہ نمائش کنندگان اپنی تیاریاں مکمل کرسکیں۔

دوسری جانب وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نمائش کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں اور انتہاپسند ہندوؤں کے احتجاج کے باوجود نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے نمائش کیلیے گرین سگنل برقرار رکھا ہے، نمائش کے شرکا اور مندوبین کیلیے ویزوں کے اجرا کا عمل بھی آئندہ دو روز میں مکمل کرلیا جائیگا۔

مقبول خبریں