بھیڑوں کی گنتی مکمل 1495غائب ہونے کا انکشاف

پورٹ قاسم پر 20ہزار 468بھیڑیںاتریں،7ہزار667تلف اور11ہزار 306 موجود ہیں


Business Reporter September 26, 2012
پورٹ قاسم پر 20ہزار 468بھیڑیںاتریں،7ہزار667تلف اور11ہزار 306 موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر آسٹریلوی بھیڑوں کی گنتی مکمل کرلی گئی ہے۔

زندہ بچ جانے والی بھیڑوں کی تعداد 11306 پائی گئی، پورٹ قاسم کی بندرگاہ پر اوشین ڈروور نامی بحری جہاز سے 20ہزار 468بھیڑیں اتاری گئی تھیں، ذرائع کے مطابق لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ پر بھیڑوں کو بیمار قرار دے کر 7667بھیڑیں تلف کردی گئیں اس طرح زندہ اور تلف کی جانے والی بھیڑوں کی تعداد جمع کرنے کے باوجود 1495بھیڑیں کم پائی گئی ہیں۔

تلف کردہ اور زندہ بھیڑوں میں 1495بھیڑوں کی کمی کے بارے میں رابطہ کرنے پر کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کم پائی جانی والی بھیڑیں کسی اور جگہ چھپائی گئی ہیں۔ ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پولیس اور لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے درآمد کنندہ کے دوسرے فارم سے چھپائی گئی 3ہزار بھیڑیں برآمد کی تھیں ان بھیڑوں کی برآمدگی سے قبل درآمد کنندگان ایک ہی فارم پر 20ہزار 468بھیڑوں کی موجودگی کا دعویٰ کررہے تھے۔

بھیڑوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کم پائی جانی والی بھیڑوں کے بارے میں بھی امکان موجود ہے کہ تین ہزار پوشیدہ بھیڑوں کی طرح کسی تیسرے فارم پر چپھائی گئی ہوں، اگر انتظامیہ یہ تین ہزار بھیڑیں برآمد نہ کرتی تو اس وقت 4500بھیڑوں کی کمی کا سامنا ہوتا، متاثرہ بھیڑوں کو محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا اور اس دوران ایک بھی بھیڑ فارم سے باہر نہیں گئی اس کے لیے فارم کے گرد پولیس کا سخت پہرا بٹھایا گیا تھا، تلف کی جانے والی بھیڑوں کی درست تعداد کے بارے میں لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران ہی بتاسکتے ہیں۔

ادھر بھیڑیں درآمد کرنے والی پی کے لائیو اسٹاک اینڈ میٹ کمپنی کے ترجمان کے مطابق کم پائی جانے والی بھیڑوں کی ذمے داری مقامی انتظامیہ پرعائد ہوتی ہے پی کے لائیو اسٹاک کے فارم کو قرنطینہ قرار دیا گیا تھا جس کی دیکھ بھال اور بھیڑوں کی حفاظت کی ذمے داری بھی مقامی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ترجمان نے کہا کہ تلف کی جانیوالی بھیڑوں کی تعداد کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا بھیڑوں کو تلف کیے جانے کے عمل میں گنتی کا کوئی مکینزم نہ تھا اور نہ ہی مقامی انتظامیہ کی جانب سے درآمد کنندگان کو تلف کی جانیوالی بھیڑوںکی یومیہ تعداد بتائی گئی۔

مقبول خبریں