وسیم نے سعید اجمل تنازع کا ذمہ دار وان کو قرار دیدیا

وکٹیں لینے کے دباؤ سے اسٹار آف اسپنر کا بولنگ ایکشن متاثر ہوا، عاقب جاوید


Sports Desk September 12, 2014
نہ تو آف اسپنر کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے انگلینڈ جاتے اور نہ ہی مسئلہ کھڑا ہوتا، وسیم اکرم فوٹو: فائل

سابق کپتان وسیم اکرم نے سعید اجمل تنازع کا ذمہ دار سابق انگلش قائد مائیکل وان کو قرار دیا ہے۔

انھوں نے سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ نہ تو آف اسپنر کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے انگلینڈ جاتے اور نہ ہی مسئلہ کھڑا ہوتا۔ ایک اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ وکٹیں لینے کے دباؤ سے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم نے کہا کہ یہ تمام معاملہ اس وقت شروع ہوا جب مائیکل وان نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی ایک تصویر ٹویٹر پر شیئر کی اورپھر فالوورز نے کمنٹس دینا شروع کیے، اس بات کو جانتے ہوئے کہ وہ ہمارا مرکزی بولر ہے میں اسے کبھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا، پی سی بی کو بھی اسے وہاںجانے سے روکنا چاہیے تھا ، ایسے میں اگر بولر کا مالی نقصان پورا کرنا پڑتا تو وہ بھی کرلیتا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ سعید اجمل جانتے ہیں کہ پوری کرکٹ برادری اور بورڈ ان کے پیچھے ہے، انھوں نے رواں برس 600 سے زائد اوورز کرائے تھکن سے ان کا ایکشن خراب ہوا، وہ ایک بہترین بولر ہے اگر ہم اس کی حمایت نہیں کرینگے تو اور کون کرے گا۔

دوسری جانب پی سی بی کرکٹ اکیڈمی کے سابق کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ سعید اجمل گذشتہ پانچ برس سے اپنے کندھوں پر پاکستان کرکٹ کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، انھوں نے یہ ذمہ داری عمدگی سے نبھائی، مجھے ان کے بارے میں رپورٹ ہونے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ ان کا جس قسم کا بولنگ ایکشن ہے اس میں ایسی چیزوں کا امکان موجود رہتا ہے جبکہ وکٹیں لینے کے لیے موجود دباؤ سے ان کی بولنگ متاثر ہوئی، پہلے سعید اجمل کی 'دوسرا' ڈلیوری پر اعتراض ہوا تھا اب تو ان کی تمام ڈلیوریز کو ہی غیرقانونی قرار دیدیا گیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جب تک کسی بولر کے ایکشن کا جائزہ میچ کے دوران نہیں لیا جائیگا اس وقت تک شکوک وشبہات موجود رہیں گے۔