گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ملازمین کا پرفارمنس الاؤنس معطل کرنے کا فیصلہ

ملازمین کے کارکردگی الاؤنس کو ان کے جرمانوں اور سزاؤں کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا فیصلہ


Numainda Express September 22, 2014
ملازمین کے کارکردگی الاؤنس کو ان کے جرمانوں اور سزاؤں کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سالانہ بنیادوں پر ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے ملازمین کا پرفارمنس الاؤنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کے برابر سو فیصد کارکردگی الاؤنس کی فراہمی کے لیے اہلیت کے معیارکے سرکلر میں ترامیم کی جائیں گی۔

اس ضمن میں ،،ایکسپریس،، کو دستیاب دستاویز ایف بی آر ملازمین کے کارکردگی الائونس کے لیے اہلیت کے معیار کے بارے میں سرکلر میں ترامیم کرکے منظوری کے لیے ایف بی آرکی بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکلر میں ترامیم کے ذریعے ملازمین کے کارکردگی الاؤنس کو ان کے جرمانوں اور سزاؤں کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن ملازمین و افسران کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر معمولی اور کم سزائیں ہوں گی ان کا پرفارمنس الاؤنس چھ ماہ کے لیے معطل کیا جائے گا اور جن ملازمین و افسران کو بھاری جرمانے اور بڑی سزائیں ہوں گی ان کے کارکردگی الاؤنس ایک سال کی مدت کے لیے معطل کر دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں جن ملازمین کو سزائیں ہوں گی ان کے سزائوں کے آرڈرز میں کارکردگی الائونس معطل کرنے کے احکامات بھی درج کردیے جائیں گے۔ اسی طرح ایف بی آر کے ملازمین و افسران کو ہر سال اثاثہ جات کی تفصیلات اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا ہوتے ہیں اور جو ملازمین و افسران مقررہ تاریخ تک اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے ان کے بھی پرفارمنس الائونس معطل کردیے جائیں گے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے جامع ترامیم پر مشتمل مسودہ تیار کرکے بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے بھجوایا جائے گا۔

مقبول خبریں