سعودی عرب بغیر اجازت آنے والے 24 ہزار عازمین حج واپس بھیج دیئے گئے

مدینہ منورہ میں اب تک 1400حج پروازوں کے ذریعے لاکھوں عازمین حج کی آمد ریکارڈ کی جاچکی ہے، حکام


APP September 22, 2014
مدینہ منورہ میں اب تک 1400حج پروازوں کے ذریعے لاکھوں عازمین حج کی آمد ریکارڈ کی جاچکی ہے، حکام فوٹو؛فائل

سعودی عرب کے حکام نے اجازت کے بغیرحج کیلیے آنے والے 24 ہزار سے زائد افراد کو واپس بھیج دیا۔

علاوہ ازیں رواں حج سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک مدینہ منورہ میں 1400 حج پروازوں کے ذریعے لاکھوں عازمین حج کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق طائف اور گرد و نواح کے علاقوں میں سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر ایسے عازمین حج کو واپس کیا گیا جن کے پاس حج کے لیے اجازت نامے نہیں تھے۔

طائف پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ رواں سال چیک پوائنٹس پر پہلے سے ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ اجازت کے بغیر آنے والے حاجیوں کو روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ کی طرف جانے والی شاہراہوں پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ دریں اثنا مسجد الحرام کے امام نے تمام مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ حج کے تقدس کا خیال رکھیں اوراس موقع پر سیاسی نعرے بازی اور مظاہروں سے گریز کیا جائے۔ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ مسجد الحرام میں حج کے موقع پرسیاسی نعرے بازی، فرقہ وارانہ بنیاد پراجتماعات کا انعقاد ممنوع ہیں۔