ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان کو منفرد اعزاز حاصل

ٹیم نے تمام 15 ایڈیشنز کے سیمی فائنل میں شرکت کی، صرف 4 بار شکست


Sports Reporter September 30, 2014
ٹیم نے تمام 15 ایڈیشنز کے سیمی فائنل میں شرکت کی، صرف 4 بار شکست۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان کو ہربار ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

ابتدائی 2 ایڈیشنز میں ہاکی کا کھیل شامل ہی نہیں تھا، 1958 سے اب تک گرین شرٹس ہر بار سیمی فائنل میں پہنچتے رہے ہیں، اس مرحلے پر ٹیم کوصرف 4 بار شکست ہوئی جبکہ 10 مرتبہ حریف ٹیموں کو مات دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ پاکستانی اسکواڈ نے 8 بار ٹائٹل پر قبضہ جمایا، 2 بار ٹائٹل میچز میں بھارت اور جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستانی ہاکی ٹیم کا رعب ہمیشہ حریف ٹیموں پر قائم رہا،اس نے 1958 سے اب تک کوئی بھی ایسا ایڈیشن خالی نہیں جانے دیا جب سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کی ہو۔ پاکستانی ایشین گیمز کے 17 ویں ایڈیشن کے ہاکی سیمی فائنل میں منگل کو ملائیشیا سے مقابلہ کرے گا، ٹوکیو گیمز 1958، جکارتہ1962، بنکاک 1970، تہران 1974، بنکاک 1978، نئی دہلی 1982، بیجنگ 1990اور گوانگژو گیمز 2010 کے ایونٹس میں پاکستان نے 8 بار طلائی کا تمغہ اپنے نام کیا، 2 بار بنکاک گیمز 1966 اور سیئول گیمز 1986 میں چاندی کے میڈلز جیتے۔

ٹیم چار بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں تو کامیاب رہی ہے لیکن فیصلہ کن مرحلے میں شکست کا سامنا کرنے کی وجہ سے تیسری اور چوتھی پوزیشنز کے میچز کھیلے۔ ہیروشیما گیمز 1994، بنکاک گیمز 1998 اور دوحا قطر گیمز 2006 میں کانسی کے میڈلز حاصل کیے جبکہ بوسان گیمز 2002 میں پاکستان ہاکی ایونٹ میں پہلی بار تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہا،اس بار ملائیشیا نے گرین شرٹس کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں