آپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف گامزن

آپریشن میں اب تک 1200 دہشت گرد مارے گئے ہیں ...


Editorial October 03, 2014
آپریشن میں اب تک 1200 دہشت گرد مارے گئے ہیں. فوٹو؛فائل

سرزمین پاک کے خلاف سرگرم دہشت گردوں اور شرپسندوں سے نمٹنے کے لیے شروع کیا جانے والا آپریشن ضرب عضب کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ پاک فوج کے جوان درست حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور یقیناً یہ تمام تر کامیابی ہماری بلند ہمت اور غیور افواج کی مرہون منت ہے۔ گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کے تمام بڑے شہروں اور علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئرکروا لیا گیا ہے۔

آپریشن میں اب تک 1200 دہشت گرد مارے گئے ہیں جب کہ عسکری قیادت نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے نتائج پر مکمل اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پوری قوم کی حمایت سے ملک کو جلد دہشت گردی کی لعنت سے نجات مل جائے گی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل کی صدارت میں 175 ویں کور کمانڈرز کانفرنس بدھ کو جی ایچ کیو میں ہوئی۔ آپریشن ضرب عضب کے نتائج پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن کامیابی کی طرف گامزن ہے اور اب تک کے نتائج تسلی بخش ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق فوج شوال کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ جن علاقوں کو کلیئر کروایا گیا ہے وہاں دہشت گرد دوبارہ واپس نہ آسکیں۔

جب کہ دوسری جانب اپنی شکست پر بوکھلائے ہوئے شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ بدھ کو کوئٹہ میں حجام کی دکان پر دستی بم پھینکا گیا اور اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، جس سے 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، اسی طرح سریاب کے علاقے میں فوٹو اسٹوڈیو پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ فرسودہ سوچ کے پروردہ اذہان حجام اور فوٹو اسٹوڈیو پر حملہ کرکے اپنی خود ساختہ شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں آواران میں نامعلوم افراد نے لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے 2 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو دہشت گردوں نے پشاور میں ایک بس کو دھماکے کا نشانہ بنایا جس سے 7 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد اور شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کو خوفزدہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف عمل ہیں لیکن فوج کا مورال بلند ہے اور انشاء اﷲ پاک فوج ان شرپسند عناصر کا مکمل قلع قمع کرنے میں کامیاب رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں