چائنا اوپن میں ماریا شراپووا چیمپئن بن گئیں کیوٹوا ناکام

ٹائٹل فتح کی بدولت روسی اسٹار کی عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن بھی یقینی، نوواک جوکووک نے ٹوماس بریڈیچ کو پچھاڑدیا


Sports Desk October 06, 2014
بیجنگ کے نیشنل ٹینس سینٹر میں منعقدہ چائنا اوپن میں ویمنز فائنل میں سرخرو ہونے والی روسی اسٹار ماریا شراپووا وننگ ٹرافی اٹھائے ہوئے، انھوں نے فرنچ اوپن کے بعد پہلا ٹائٹل جیتا۔ فوٹو: اے ایف پی

ماریا شراپووا نے چائنا اوپن کی ٹرافی جیت لی، ورلڈ رینکنگ میں دوسری پوزیشن بھی یقینی بنالی، سربیا کے نوواک جوکووک نے پانچویں مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ویمنز فائنل میں پیٹراکیوٹوا کو شکست کا سامنا رہا، سرب اسٹار نے ٹوماس بریڈیچ کا قصہ تمام کردیا، جاپان اوپن میں ہوم فیورٹ کائی نیشکوری نے تین برسوں میں دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے قبضے میں کرلیا، میلوس رائونک لگاتار تیسری مرتبہ فائنل میں حوصلہ ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق چائنا اوپن میں ویمنز سنگلز ٹرافی روسی ساحرہ ماریا شراپووا کے قبضے میں آگئی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-4،2-6 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا۔

ماریا نے رواں برس فرنچ اوپن کے بعد پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، ورلڈ نمبر4 ماریا اس کامیابی کی بدولت آئندہ ہفتے عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر فائز ہوجائیں گی، دوسری جانب کیوٹوا کی گذشتہ 9 میچز میں یہ پہلی شکست ہے، اگرچہ انھوں نے سیمی فائنل میں سربین حریف اینا ایوانووک کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی تھی کیوٹوا کیخلاف 8 باہمی مقابلوں میں شراپووا کی یہ چھٹی کامیابی شمار ہوئی، ومبلڈن چیمپئن کیخلاف روسی اسٹار کی یہ لگاتار پانچویں جیت ہے۔

شراپووا نے فرنچ اوپن سے قبل رواں سیزن میں اسٹٹ گارٹ اور میڈرڈ میں ٹائٹلز جیتے تھے، یوایس اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں انھیں کیرولین ووزینسکی کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا تھا، مینز سنگلز میں عالمی نمبرون اور دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو 6-0 اور6-2 سے آئوٹ کلاس کردیا، وہ پانچویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے، مینزڈبلز فائنل میں جین جولین روجرز اور ہوریا ٹائیکو نے جولین بینیٹو اور ویساک پوسپیسل کو 6-7 ( 6/8 ) ، 7-5 اور10-5 سے شکست دے دی۔

دوسری جانب کائی نیشکوری نے دوسری مرتبہ جاپان اوپن کی ٹرافی جیت لی، انھوں نے فائنل میں کینیڈین حریف میلوس رائونک کو 7-6 (7/5)،4-6 اور6-4 سے مات دیکر یہ کارنامہ انجام دیا، ہوم اسٹار تین برسوں میں دوسری مرتبہ چیمپئن کا تاج اپنے سرپر سجانے میں کامیاب ہوئے، 2012 میں بھی انھوں نے راؤنک کو ہی اپنا شکار بناتے ہوئے پہلی مرتبہ ہوم ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، بارش کے پیش نظر مقابلے کو بند چھت کے تلے منعقد کیاگیا، یوایس اوپن فائنلسٹ نیشکوری حالیہ دنوں میں عمدہ فارم میں ہیں، گذشتہ ہفتے انھوں نے ملائیشیا میں کوالالمپور مینز ٹینس ایونٹ بھی جیتا تھا، حالیہ سیزن میں رائونک چوتھی مرتبہ ان کے مقابل آئے، اس میں نیشکوری نے تین مرتبہ فتح سمیٹی ، انھیں رائونک کے ہاتھوں واحد ناکامی کا سامنا رواں برس ومبلڈن ایونٹ میں ہوا تھا۔