حیدرآباد میںجدید طرز کا آن لائن ڈومیسائل سسٹم متعارف

10 منٹ کے اندر ڈومیسائل، فارم سی اور ڈی تیار ہوگا، اے ڈی سی کے دفتر میں3 کاؤنٹر قائم


Numainda Express September 28, 2012
10 منٹ کے اندر ڈومیسائل، فارم سی اور ڈی تیار ہوگا، اے ڈی سی کے دفتر میں3 کاؤنٹر قائم . فوٹو ایکسپریس ٹریبیون

ضلع انتظامیہ حیدرآباد نے شہریوں کی سہولت کیلیے جدید طرز پر آن لائن ڈومیسائل سسٹم متعارف کرایا ہے۔

جسکے ذریعے 10 منٹ کے اندر ڈومیسائل، فارم سی اور ڈی تیار کر کے دیا جا سکتا ہے۔ ڈی سی حیدرآباد آغا شاہ نواز بابر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اعجاز الحسن کے دفتر میں آن لائن ڈومیسائل سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس سسٹم کو چلانے کے لیے ماہر عملہ مقرر کیا جائے۔

ڈی سی کو بتایا گیا کہ آن لائن ڈومیسائل سسٹم چلانے کے لیے3 کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈومیسائل سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی کی جائیگی جسکے بعد امیدواروں کی نادرا کی طرز پر آن لائن تصویر حاصل کر کے اسی وقت ان کے کاغذات ڈی سی کی جانب انٹرنیٹ کے ذریعے ارسال کیے جائیں گے۔

اس طرح صرف 10 منٹ کے مختصر وقت میں ڈومیسائل فارم سی اور ڈی درخواست کنندہ کو دستیاب ہو گا۔