نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں گزشتہ ماہ 22 فیصد اضافہ

ستمبر میں 405 نئی کمپنیوں کا اندراج، رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز


Numainda Express October 11, 2014
12فرمز میں آسٹریلیا ودیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے انویسٹمنٹ کی، ایس ای سی پی۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں گزشتہ ماہ 22 فیصد کے اضافے سے 405 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 65 ہزار 125 ہوگئی۔

ایس ای سی پی سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گزشتہ ماہ 91 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ، 6 فیصد سنگل ممبر اور 3 فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لمیٹڈ یا سیکشن 42 کے تحت بطور ایسوسی ایشن رجسٹریشن حاصل کی، خدمات کے شعبے میں سب سے زیادہ یعنی 65 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ ٹریڈنگ کے شعبے میں 51، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 45، سیاحت کے شعبے میں 33، تعمیرات کے شعبے میں 26، پاور جنریشن میں 12، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ کے لیے 11،دوائوں، کھانے پینے و مشروبات اور تعلیم کے شعبے میں سے ہر ایک میں 10 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

اس دوران 12 کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی، ان سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، کینیڈا، چین، ڈنمارک، جرمنی، نیدرلینڈ، سنگاپور، سوئیڈن، ترکی، یوکے اور امریکا سے ہے جبکہ غیرملکی سرمایہ کاری ٹریڈنگ، کارپوریٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاور جنریشن، کیمیکل، ایندھن وانرجی کے شعبے کی کمپنیوں میں کی گئی، سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہور میں ہوئی جہاں 132 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی، کراچی میں 113، اسلام آباد میں 109، پشاور میں 23، ملتان میں 13، فیصل آباد میں 10، سکھر میں 3 اورکوئٹہ میں 2 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں