بھارتی جارحیت کے خلاف مختلف جماعتوں کے مظاہرے

ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دینگے، بھارت کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے تیار ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے


Staff Reporter October 11, 2014
جماعت الدعوۃ کے تحت بھارتی جارحیت کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

مختلف جماعتوں کے رہنمائوں نے بھارتی جارحیت کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا، جماعتہ الدعوۃ، سنی تحریک، متحدہ علما محاذ، جے یو پی، پاسبان، جے یو آئی، نظام مصطفی پارٹی، سنی اتحاد کونسل، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی اور وحدت مسلمین کے تحت احتجاجی اجتماعات منعقد ہوئے۔

جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا جس سے امیر جماعۃ الدعوۃ کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کے علاوہ سلیم ضیا،اسامہ رضی،مولانا عبدالکریم عابد، صدیق راٹھور،ڈاکٹر تنویر، محفوظ یار خان ایڈووکیٹ،قاری اشتیاق،حافظ کلیم اللہ اورحافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا،جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ امریکا انخلا سے قبل بھارت کو خطے میں کردار دے کر پاکستان پر کاری ضرب لگانا چاہتا ہے، متحدہ علمامحاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی اپیل پر جمعہ کو بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔

محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکرکے 300 سے زائد جلیل القدر علما مشائخ نے اجتماعات جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 65 اور کارگل کی عبرتناک شکست کو یادرکھے، پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم کو پورانہیں ہونے دینگے، پوری قوم، علما بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔

اجتماعات سے چیئرمین مولانا انتظارالحق تھانوی، علامہ مرزا یوسف حسین ،پروفیسرحافظ محمد سلفی، مولانا قاری شیر افضل، مولانا محمد امین انصاری، مولانا قاری اللہ داد، علامہ عبداللہ غازی،مفتی فیروز الدین ہزاروی، مفتی محمد بخاری، علامہ اظہر ہمدانی، مفتی جان محمد نعیمی،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، طارق محبوب، علامہ صادق رضاتقوی، علامہ عقیل انجم، علامہ ڈاکٹرعامر عبداللہ محمدی،علامہ شاہدین اشرفی، علامہ سید چراغ الدین شاہ،علامہ آغا نیئر عباس جعفری، علامہ سید اظہار بخاری، علامہ حیدرعلوی، پیرعظمت اللہ سلطان قادری، علامہ نثار المصطفیٰ باغدروی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی امن و سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے بھارتی جارحیت کا مل کر مقابلہ کریں گے،پاکستان سنی تحریک کے تحت بھارتی جارحیت کے خلاف ملک گیر یوم مذمت منایا گیا۔

نماز جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں،سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے تیار ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جمعیت علمائے پاکستان کے تحت ملک بھر میں بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی سرحدوں کی پامالی ودراندازی اور درجنوں پاکستانیوں کی شہادت کے خلاف مساجد اور دیگر مقامات پر اجتماعات سے مقررین نے خطاب کیا کراچی میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جے یوپی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد شبیر ابوطالب ،صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، مفتی نورالہادی نعیمی و دیگر نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبا واجدادکی نشانی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما الحاج قاری عبدالمنان انورنقشبندی، صوبائی جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی،پیر لیاقت شاہ، قاری عبدالحئی شیخ، مفتی حماداللہ مدنی، خواجہ احمدالرحمٰن، قاری عبدالغفورشاکر، مولانا اقبال اللہ، مولاناحضرت ولی ہزاروی ودیگر نے اجتماعات جمعہ اور دیگر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سرحدوں پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیز فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ،نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرحنیف طیب نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی شہادت بھارت کا ناقابل معافی جرم ہے ،وہ الانہ مسجد شومارکیٹ میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے انکے جانی ومالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہارکیا، عراق ، مشرقی تیمور وغیرہ کے علاوہ کشمیر میں اب تک لاکھوں افراد کو شہید کیا گیا مگر اقوام متحدہ کا دہرا معیار ہی نظر آیا،ممتاز عالم دین علامہ محمد علی قصوری نے کہا کہ بھارت کی اس جارحیت کیخلاف پوری قوم متحد ہے، پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف جراتمندی کا مظاہرہ کریں۔

سنی تحریک کے شہید قائد وبانی محمد سلیم قادری کے صاحبزادے مرکزی امیر سنی تحریک بلال سلیم قادری نے کہاہے کہ قوم ہمہ وقت تیار پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ھیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے صدر شیخ حسن صلاح الدین، مولانا محمد حسین رئیسی، مولانا نعیم الحسن، ڈاکٹر عقیل موسی ، مولانا باقر عباس زیدی نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی ،فائرنگ اور پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں ،انھوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں نوٹس لیں کیونکہ یہ حرکت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما مولانا مرزا یوسف حسین، علامہ اظہر حسین نقوی ،صغیر عابد رضوی، سہیل مرزا اور سید علی اوسط نے نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ بھارتی جارحیت کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی حملوں کی مذمت کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ بلا اشتعال فائرنگ سے ہلاکتوں پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری نوٹس لے،سنی اتحاد کونسل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کراچی کے زیر اہتمام بھارتی مظالم کیخلاف رضا مسجد کورنگی نمبر 4 سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنما علامہ فیصل عزیزی، مبشر علی قادری، نعیم صدیقی، صمید عالم اور دیگر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پوری قوم متحد ہے جبکہ حکمران بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کیخلاف بیان دینے سے بھی گریزاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں