کراچی میں غیر قانونی کال سینٹر کیس، 9 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں، ملزمان کے مزید ساتھیوں کو گرفتار کرنا باقی ہے


ویب ڈیسک November 07, 2026

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے غیر قانونی کال سینٹر کے مقدمے میں گرفتار 9 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 10 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملزمان کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں، ملزمان کے مزید ساتھیوں کو گرفتار کرنا اور برآمد شدہ ڈیوائسز کا فرانزک معائنہ کرانا باقی ہے، لہٰذا مزید 12 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

ملزمان کے وکلا شہاب سرکی اور جام خضر ایڈووکیٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈیوائسز برآمد ہو چکی ہیں اور ملزمان تفتیش میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں جبکہ اس مقدمے میں 264 دیگر ملزمان کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے، جن میں 156 خواتین اور کم عمر ملزمان بھی شامل ہیں۔

عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 10 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کی درخواست ضمانت پر بھی فیصلہ سنایا جائے گا۔