راولپنڈی میں سی سی ڈی کی ٹیم پر فائرنگ، جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک

راجہ ذیشان اس سے قبل پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا


ویب ڈیسک November 07, 2026

راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں نالہ لئی کے قریب سی سی ڈی کی ٹیم پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

ہلاک ملزم کی شناخت ڈھوک چراغ دین کے رہائشی راجہ ذیشان عرف شانی کے طور پر ہوئی ہے۔

سی سی ڈی ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم تین افراد کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پر امام بارگاہ گوالمنڈی کے قریب پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے تیس بور کا پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ راجہ ذیشان پر الزام تھا کہ اس نے چند روز قبل چوری شدہ گاڑی کا سراغ لگانے والے ایک کانسٹیبل کو گولی مار کر زخمی کیا۔

ملزم کے خلاف کانسٹیبل امجد کو فائرنگ کر کے شہید کرنے کا بھی الزام تھا، راجہ ذیشان اس سے قبل پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔ گاڑی چوری کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں گاڑی چوری کی درجنوں وارداتوں کے علاوہ اغوا برائے تاوان، قتل میں بھی ملزم تھا.