جناح اسپتال کو سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچنگ اسپتال بنانے کا فیصلہ

فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، بعض افسران نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کررکھا ہے


Staff Reporter October 11, 2014
فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا،بعض افسران نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر(جناح اسپتال) کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچینگ اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی محکمہ صحت نے جناح اسپتال کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی بنانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیاتھا لیکن اس پرعملدرآمد نہیں کیا جاسکا کیونکہ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے بعض افسران نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی حاصل کررکھا ہے۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جناح اسپتال جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچینگ اسپتال ہے اوراس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، اجلاس میں اس بات کا بھی نوٹس لیا گیا کہ جناح اسپتال کی انتظامیہ نے گزشتہ دنوں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی معائنہ ٹیم کواسپتال کا معائنہ کرنے سے روکا گیا تھا جس پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے جناح اسپتال انتطامیہ کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

دریں اثناجمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی عوام کو صحت کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لیے سندھ حکومت کے پاس جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر(جناح اسپتال) اور ادارہ برائے امراض قلب کو اپ گریڈ کرنے اور استعدادکار میں اضافہ کرنے کی جامع منصوبہ بندی موجود ہے تاہم ان دونوں اداروں سے متعلق عدالت میں زیر التوا مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد اس منصوبہ بندی پر عملدرآمد کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، چیئرمین صوبائی ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر عاصم حسین ، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری یونیورسیٹیزاینڈ بورڈ سید ممتاز شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو ، سیکریٹری صحت اقبال درانی ، سیکریٹری قانون میر محمد شیخ ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ فتح ملک و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق کے اسپتال جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض قلب 2010 میں حکومت سندھ کو منتقل ہوئے ہیں تاہم 2011 میں جناح اسپتال کے بعض انتظامی افسران نے ان اداروں کی حکومت سندھ کو منتقلی کے عمل کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا اورعدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا تب سے یہ مسئلہ زیر التوا ہے، انھوں نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ان مقدمات پر پیش رفت کے عمل کو تیز کرنے اور جلد سے جلد فیصلہ حاصل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں جناح اسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوراس میں مزید بہتری لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں