کپاس کی سرکاری خریداری کیلیے کمیشن ایجنٹس مقرر کرنے کا فیصلہ

ٹریڈنگ کارپوریشن نے خواہشمندپارٹیوں سے درخواستیں طلب کرلیں


Numainda Express October 12, 2014
کمیشن ایجنٹس ملتان،بہاولپور،رحیم یار،سکھر،نوابشاہ، میرپورخاص،ڈی جی خان، وہاڑی وساہیوال کے پروکیورمنٹ سینٹرزپرکپاس کی خریداری میں معاونت کرینگے ۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی ہدایت پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے حکومت کی مقرر کردہ 3 ہزار روپے فی 40کلو گرام امدادی قیمت پر کپاس کی 10لاکھ گانٹھیں خریدنے کیلیے کمیشن ایجنٹس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کپاس کی خریداری کے لیے کمیشن ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کی خواہاں پارٹیوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی طرف سے ان کمیشن ایجنٹس کی خدمات ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص، ڈیری غازی خان، وہاڑی اور ساہیوال میں قائم اپنے پروکیورمنٹ سینٹرز کیلیے درکار ہوں گی جو ٹی سی پی کے پروکیورمنٹ سینٹرز کو کپاس کی خریداری میں معاونت فراہم کریں گے۔ اس ضمن میں وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ ٹی سی پی کی طرف سے کمیشن ایجنٹس سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس کیلیے وہ پارٹیاں درخواستیں دے سکیں گی جوکپاس کی خریداری، سنبھالنے اور اس سے متعلقہ شعبے میں کام کرنے کا کم از کم 8 سال کا تجربہ رکھتی ہوں گی۔

حکام نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اپنے حالیہ اجلاس میںکپاس کی قیمتوں میں استحکام لانے اور کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کے مناسب معاوضے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے رواں مالی سال 2014-15 کپاس کی 3 ہزار روپے فی 40کلو گرام انٹرونشن پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی اور سیڈ کاٹن کیلیے انٹرونشن پرائس مقرر کرنے کا بنیادی مقصد کاٹن کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کا معقول معاوضہ فراہم کرنا ہے۔

ای سی سی کی طرف سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو حکومت کی منظور کردہ امدادی قیمت پر کاشت کاروں سے کپاس کی 10لاکھ گانٹھیں خریدنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹی سی پی نے یہ عمل شروع کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں