فیفا ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف فلسطین 02 سے فتح یاب

پاکستان کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، ہمیں یہاں آتے ہوئے سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،مہمان کپتان رمزی صالح


Sports Reporter October 13, 2014
پاکستان کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، ہمیں یہاں آتے ہوئے سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،مہمان کپتان رمزی صالح۔ فوٹو: ایکسپریس

فلسطین نے فیفا ڈے فٹبال میچ میں پاکستان کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیدی، میچ کے مہمان خصوصی پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید ابو علی کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر پی ایف ایف کے سیکریٹری احمد یار خان لودھی اور رکن قومی اسمبلی شازے فاطمہ بھی موجود تھیں۔ میچ کیلیے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کی زیر نگرانی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کے علاوہ لاہورکے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباکی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سرزمین پر فلسطین کا میزبان ٹیم کیخلاف فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، اکتوبر2012 میں بھی فلسطین کی ٹیم 2 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آئی،کراچی میں شیڈول میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان سائیڈ کو 2-1سے شکست دی جبکہ لاہور میں ہونے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، یوں یہ سیریز 1-0 سے فلسطین کے نام رہی، پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے میچ کا آغاز نہایت محتاط انداز میں کیا جسکی وجہ سے پہلے ہاف کے اختتام پر کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہ پھینک سکی۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور فلسطین کے گول پوسٹ پر کئی خطرناک حملے کیے لیکن فارورڈز کی روایتی مسنگ کے باعث گول نہ ہوسکا، میچ کے آخری منٹ میں جب مقابلہ برابری پر ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا فلسطین کی ٹیم نے دائیں جانب سے موو بنائی جس پر مراد سعید نے اپنے لمبے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیڈ کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچا دیا، انجری ٹائم میں عبداللہ جابر نے گول کیپر کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

ڈسپلن کی خلاف وزری پر فلسطین کے حسام عبداللہ کو کھیل کے 39ویں منٹ میں جبکہ پاکستان کے کپتان محمد احمد کو 64ویں منٹ میں یلو کارڈز دکھائے گئے، فتح کے بعد فلسطینی کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں جشن منایا اور ہم وطنوں کیساتھ روایتی رقص پیش کرکے شائقین کے دل جیت لیے،میچ کے اختتام پر فلسطین ٹیم کے کپتان رمزی صالح کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے آخری منٹ تک مقابلہ برابر ہوتا دکھائی دے رہا تھا تاہم گرین شرٹس کی ناتجربہ کاری آڑے آ گئی اور ہم مقابلہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں،امید ہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اس موقع پر فلسطین ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہمیں یہاں آتے ہوئے کسی طرح کی سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، زندہ دلان لاہور نے اپنی مہمان نوازی سے ہمارے دل موہ لیے ہیں، مہمان ٹیم کے کوچ نے شاندار انتظامات پر پاکستان فٹبال فیڈریشن انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان محمد احمد نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے تجربہ کار فلسطین کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، میچ کے دوران اگر ہم دو گول کرنے کے مواقع ضائع نہ کرتے تو میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں ہو سکتا تھا۔پاکستانی کوچ شاملان مبارک نے کہا کہ 85 منٹ تک ہمارے کھلاڑی چھائے رہے تاہم آخری منٹ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے جس کی وجہ سے جیتی ہوئی بازی ہاتھ سے نکل گئی۔انھوں نے کہا کہ مقابلے کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی غلطیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے جنھیں مستقبل قریب میں دورکردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں