جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی تیاریوں کا پول کھل گیا

انگلینڈ نے گرین شرٹس کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔


Sports Reporter October 13, 2014
انگلینڈ نے گرین شرٹس کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ہی پاکستان کی تیاریوں کا پول کھل گیا، انگلینڈ نے گرین شرٹس کو تمام شعبوں میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔

لیوک ٹیلر ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے، آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو اعصاب شکن مقابلے میں شکست دیدی، بھارت نے نیوزی لینڈ کو زیر کرلیا، قومی ٹیم کی دوسری آزمائش پیر کو آسٹریلیا کیخلاف میچ میں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ کا ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی میچ میں برطانیہ نے پاکستانی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 5گول سے مات دے دی۔

تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ نے کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور وقفے وقفے سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا،فاتح ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب لیوک ٹیلر نے کھیل کے 11ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گیند کو گول پوسٹ میں پھینک دیا، اس سے قبل کہ پاکستانی ٹیم مقابلہ برابر کرکے میچ میں واپس آتی انھوں نے صرف 3 منٹ کے بعد ایک اور گول داغ کر برتری دگنی کر دی۔

کھیل کے25ویں منٹ میں برطانوی ٹیم پنالٹی اسٹروک حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، لیوک ٹیلر نے اس مرتبہ بھی بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کے سپرد کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ پہلے ہاف میں گرین شرٹس کو 3 پنالٹی کارنر ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسرے ہاف میں بھی خطرناک موڈ میں نظر آئی اور پاکستان کو تمام شعبوں میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

41 ویں منٹ میں برطانوی ٹیم نے زبردست موو بنائی اور گیند کو ڈی میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے، بنجمن بون نے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے اپنی ٹیم کی طرف سے چوتھاگول کر دیا۔ 45ویں منٹ میں ڈیوڈ گڈ فیلڈگول سے اسکور 5-0 کر دیا۔ پاکستان کیخلاف ہیٹ ٹرک کرنیوالے لیوک ٹیلر کا کہنا ہے کہ مسلسل تین گول کرنے کی خوشی ضرور ہے تاہم ہمارا اصل ہدف ایونٹ میں گولڈ میڈل کا حصول ہے۔

ادھر گذشتہ روز دیگر دو میچز میں آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دی جبکہ بھارت نے نیوزی لینڈ کو زیر کرلیا،پیر کو مزید 3 میچز منعقد ہوں گے، پہلے مقابلے میں بھارت اور برطانیہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی، دوسرا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائیگا جبکہ تیسرے میں میزبان ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں