ملک میں آئندہ برس انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی شہریار

سری لنکا نے ٹرائنگولر سیریز کی تجویز دی ہے، حالیہ دورے کامیاب رہے، پی سی بی چیئرمین


Sports Reporter October 15, 2014
سری لنکن وزیر داخلہ نے اپنی قومی ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، شہریار خان۔ فوٹو : ایکسپریس

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے 2015ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سال ہوگا۔

ایشین بلاک کو متحد کرنے کیلیے بھی کوششوں کو آغاز کردیا، سری لنکا نے ٹرائنگولرسیریزکی تجویز پیش کردی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کا کہنا ہے کہ بھارت، بنگلہ دیش،سری لنکا کا دورہ بہت کامیاب رہا،قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی بورڈ کے ایک گھنٹہ طویل اجلاس میں زیادہ تر میڈیا رائٹس پر بات ہوئی، تاہم کئی عہدیداروں سے غیر رسمی مگر مفید ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، دورئہ بھارت میں سری نواسن سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی،ان سے بھی دبئی میں ہی بات چیت ہوئی، ہماری کوشش تھی کہ ایشین کرکٹ کو دوبارہ فعال کیا جائے، ماضی میں اس بلاک نے عالمی کرکٹ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہونا چاہیے، بھارت،بنگلہ دیش،سری لنکن حکام کو باورکرایا کہ سیاست اورکھیل کو الگ رکھاجائے، حکومتوں کے سیاسی تعلقات کا اثرکرکٹ پرنہیں پڑنا چاہیے، بنگلہ دیش اورسری لنکا اپنی جونیئر ٹیمیں پاکستان بھیجنے کیلیے تیار ہیں، ہمارے عوام کرکٹ کیلیے ترس رہے ہیں، ایک بار دروازے کھل جائیں تو بڑی ٹیمیں بھی آئیں گی، انھوں نے بتایا کہ سری لنکا نے کہا ہے کہ جو آپ چاہیں ہم کرنے کوتیار ہیں،آئی لینڈرز نے ٹرائنگولر سیریز کرانے کو کہا ہے۔

سری لنکن وزیر داخلہ نے اپنی قومی ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام میں پاک بھارت سیریزسب سے اہم ہیں، بی سی سی آئی کیساتھ ہرسطح کی کرکٹ کھیلنے پر بات چیت ہوئی، سری نواسن نے کہا کہ کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کو تیار ہیں، خواتین کرکٹ کے دورہ پاکستان کیلیے انہیں حکومت سے اجازت لینی پڑے گی، تاہم ہر دورے کے لیے ایسا کرنا ضروری نہیں ہوتا، شہریارخان کا کہنا تھا کہ سری نواسن سے اسکول کی سطح کی ٹیموں کے دوطرفہ دوروں پر بھی بات ہوئی،ان تمام دوروں سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں امید ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں 2015پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سال ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں