انٹرنیشنل اسکواش میں عامر اطلس نے ٹائٹل پر نظریں جمالیں

آج فائنل میں ٹاپ سیڈ عمر عبدالمغید سے مقابلہ ہوگا، پاکستانی اسٹار نے چھوٹے بھائی دانش کو ہرایا،عمار التمیمی بھی ناکام


Sports Reporter October 23, 2014
اسلام آباد :سی اے ایس اسکواش کے سیمی فائنل میں عامر اطلس حریف دانش کیخلاف ایکشن میں۔ فوٹو: اے پی پی

پاکستانی اسٹار عامر اطلس نے چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش ٹائٹل پر نظریں جمالیں، وہ جمعرات کو فائنل میں مصری حریف عمر عبدالمغید سے مقابلہ کریں گے۔

ایشین چیمپئن عامر اطلس نے سیمی فائنل میں چھوٹے بھائی دانش اطلس کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے مات دی، ٹاپ سیڈ کھلاڑی نے قطر کے عمار التمیمی کو باآسانی 3-0 سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 7 سال بعد ہونے والے 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کا پی ایس اے ایونٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا، مصحف علی اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ٹورنامنٹ میں بدھ کو سیمی فائنلز کھیلے گئے، پہلے میچ میں ٹاپ سیڈ مصری عمر عبدالمغید نے قطری عمار التمیمی پر صرف 42 منٹ میں فتح حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی۔

پہلے گیم میں عمر عبدالمغید 11-8 سے سرخرو ہوئے، دوسرے میں انھوں نے اسی مارجن سے فتح سمیٹتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرے گیم میں مصری کھلاڑی 11-9 سے کامیاب رہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی اطلس برادرز کے مابین مقابلہ تھا، تھرڈ سیڈ دانش نے بڑے بھائی کو ٹف ٹائم دیا لیکن آخری لمحات میں کارکردگی کے تسلسل کو برقرار نہ رکھ سکے۔

ابتدائی گیم میں عامر نے 11-9 سے کامیابی حاصل کی، دانش نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرا گیم 11-5 سے جیت لیا، تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین انتہائی سخت مقابلہ ہوا لیکن دانش 13-11 سے سرخرو رہے، چوتھے گیم میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد عامر نے 14-12 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ فیصلہ کن گیم میں دانش 5-11 کی ہار کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ عامر اطلس کا ٹائٹل کیلیے ٹاپ سیڈ مصری حریف عمر عبدالمغید سے سامنا ہونا ہے، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل طاہر رفیق بٹ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں